اسٹین لیس اسٹیل کی پانی کی بوتلیں روزمرہ زندگی میں بہت استعمال ہوتی ہیں۔ ان میں پانی کے علاوہ چائے اور کافی جیسے گرم مشروبات بھی رکھے جاتے ہیں۔ لیکن مسلسل استعمال کے بعد بوتل کے اندر خاص طور پر بوتل کے نچلے حصے، ڈھکن اور ربڑ کی سیل کے آس پاس داغ، بدبو اور مشروبات کی تہہ جم سکتی ہے۔

بوتل کو صرف پانی سے دھونا کافی نہیں، بلکہ وقتاً فوقتاً اسے اچھی طرح صاف کرنا بھی ضروری ہے تاکہ وہ صاف، تازہ اور روزمرہ استعمال کے لیے مناسب رہے۔ صاف بوتل ہر گھونٹ کو تازہ اور محفوظ رکھتی ہے۔

بیکنگ سوڈا سے صفائی

بوتل کے اندر موجود داغ اور بدبو دور کرنے کے لیے بیکنگ سوڈا استعمال کیا جاسکتا ہے کیونکہ یہ اسٹیل کی بوتلوں سے داغ اور بدبو ختم کرنے کے لیے بہترین ہے۔

اس کے لیے ایک کھانے کا چمچ بیکنگ سوڈا نیم گرم پانی میں ڈالیں اور یہ محلول بوتل میں بھر دیں۔ اسے چند گھنٹوں کے لیے چھوڑنے کے بعد بوتل کو صاف پانی سے اچھی طرح دھو لیں۔

سرکہ اور نیم گرم پانی بھی کارآمد

اگر بوتل کے اندر پرانی تہہ یا ضدی داغ موجود ہوں تو سفید سرکہ مددگار ہوسکتا ہے۔ بوتل میں برابر مقدار میں سرکہ اور نیم گرم پانی ڈال کر 20 سے 30 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ اس کے بعد بوتل کو اچھی طرح دھو لیں تاکہ سرکے کی بو بھی ختم ہوجائے۔

لیموں اور نمک کا استعمال

لیموں اور نمک بھی بوتل کی صفائی کے لیے استعمال کیے جاسکتے ہیں جو قدرتی طور پر داغ صاف کرنے اور بوتل کو تازہ کرنے میں مدد دیتا ہےبوتل میں لیموں کا رس اور تھوڑا سا نمک ڈال کر اسے ہلکے ہاتھ سے ہلائیں اور پھر صاف پانی سے اچھی طرح دھو لیں۔ یہ طریقہ داغ دور کرنے اور بوتل کو تازہ رکھنے میں مدد کرسکتا ہے۔

صرف بوتل نہیں، ڈھکن بھی صاف کریں

اکثر لوگ بوتل دھوتے وقت ڈھکن کو نظر انداز کردیتے ہیں، حالانکہ ڈھکن کے اندر نمی، گندگی اور جراثیم جمع ہوسکتے ہیں۔ خاص طور پر ڈھکن کی باریک جگہوں اور ربڑ کی سیل کو اچھی طرح صاف کرنا چاہیے۔ ڈھکن کو الگ کرکے نیم گرم صابن والے پانی سے دھونا بہتر ہے۔

دھونے کے بعد بوتل کھلی رکھیں

بوتل کو دھونے کے فوراً بعد بند کرکے رکھنے کے بجائے اسے کھلا چھوڑ دیں تاکہ اندر موجود پانی مکمل طور پر خشک ہوجائے۔ گیلی بوتل بند کرکے رکھنے سے بدبو اور نمی جمع ہوسکتی ہے۔

اس لیے اگر آپ روزانہ اسٹین لیس اسٹیل کی بوتل استعمال کرتے ہیں تو اس کی صفائی کو معمول کا حصہ بنانا بہتر ہے۔ بوتل کے ساتھ ڈھکن اور ربڑ کی سیل کو بھی صاف کریں اور استعمال کے بعد اسے مکمل طور پر خشک ہونے دیں۔ اس طرح بوتل کو زیادہ صاف اور تازہ رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

More

Comments
1000 characters