موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی غذائی ماہرین ایسی خوراک اپنانے کا مشورہ دیتے ہیں جو نہ صرف ذائقے میں لاجواب ہو بلکہ جسم کو اندرونی حرارت اور بھرپور توانائی بھی فراہم کرے۔ ایسے میں اگر روزمرہ کی خوراک میں باجرے کو شامل کرلیا جائے تو نہ صرف کھانے میں نیا ذائقہ شامل ہوسکتا ہے بلکہ جسم کو کئی اہم غذائی اجزا بھی مل سکتے ہیں۔

روایتی باورچی خانوں میں صدیوں سے استعمال ہونے والا باجرہ کئی خصوصیات کا حامل ایک قدیم اور طاقتور اناج ہے۔

قدرتی طور پر گرم تاثیر رکھنے والا باجرہ فائبر، پروٹین، آئرن، میگنیشیم اور دیگر ضروری معدنیات سے مالا مال ہوتا ہے، جو سردیوں کے ٹھٹھرتے موسم میں جسم کو گرمائش دینے کے ساتھ ساتھ قوت مدافعت کو بھی مضبوط بناتا ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق باجرے میں موجود وافر فائبر نظام ہاضمہ کو درست رکھتا ہے، آنتوں کی صحت کو بہتر بناتا ہے اور دیر تک پیٹ بھرے رہنے کا احساس دلاتا ہے، جس سے بے وقت کھانے کی عادت پر قابو پانے اور وزن متوازن رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

اس کے علاوہ یہ گلوٹین فری اناج شوگر کے مریضوں اور دل کی صحت کا خیال رکھنے والوں کے لیے بھی ایک بہترین انتخاب سمجھا جاتا ہے۔

باجرے سے تیار ہونے والے 10 مزیدار پکوان

سردیوں کے دسترخوان کو سجانے اور باجرے کو روزمرہ خوراک کا حصہ بنانے کے لیے دس روایتی اور منفرد پکوان نہایت مقبول ہیں۔

باجرے کی روٹی

سب سے پہلے باجرے کی گرم روٹی آتی ہے، جو دیسی مکھن، گڑ یا سرسوں کے ساگ کے ساتھ سردیوں کی دوپہر کا مزہ دوبالا کر دیتی ہے۔ اس کا ذائقہ بھی منفرد ہوتا ہے اور یہ فائبر سے بھرپور غذا بھی ہے۔

باجرے کی کھچڑی

اگر سردیوں میں ہلکی پھلکی مگر پیٹ بھرنے والی غذا کھانے کا دل ہو تو باجرے کی کھچڑی اچھا انتخاب ہے۔ اسے باجرے اور مونگ کی دال کے ساتھ تیار کیا جاتا ہے۔ اس میں ہلدی، زیرہ اور دیگر ہلکے مصالحے شامل کرکے ذائقہ بڑھایا جاسکتا ہے۔ آخر میں تھوڑا سا دیسی گھی ڈالنے سے اس کا ذائقہ مزید بہتر ہوجاتا ہے۔

باجرے کی راب
باجرے کی راب سردیوں میں خاص طور پر پسند کی جاتی ہے۔ اسے باجرے کے آٹے اور چھاچھ کی مدد سے تیار کیا جاتا ہے۔ ہلکی آنچ پر پکنے والی یہ گرم غذا ذائقے میں منفرد ہوتی ہے اور اسے ناشتے یا شام کے وقت استعمال کیا جاسکتا ہے۔

باجرے کا پراٹھا

ناشتے کے شوقین افراد باجرے کے آٹے میں میتھی، مولی، پیاز اور ہلکے مصالحے شامل کر کے خستہ پراٹھے بنا سکتے ہیں، جنہیں دہی یا اچار کے ساتھ کھایا جاتا ہے۔

باجرے کا چورما

میٹھے کے شوقین لوگوں کے لیے باجرے کا چورمہ ایک خاص سوغات ہے، جسے باجرے کی روٹی کو پیس کر دیسی گھی، گڑ اور خشک میوہ جات ملا کر تیار کیا جاتا ہے۔ یہ روایتی مٹھاس سے بھرپور پکوان ہے جسے تھوڑی مقدار میں کھانے کے بعد بھی مٹھائی کی خواہش پوری ہوسکتی ہے۔

باجرے کا چیلہ

اسی طرح صبح کے ہلکے پھلکے ناشتے کے لیے باجرے کے آٹے میں باریک کٹی پیاز، ٹماٹر، دھنیا، ہری مرچ اور مصالحے ملا کر مزیدار چیلہ بنایا جا سکتا ہے۔ اسے توے پر کم تیل میں پکایا جاسکتا ہے۔ پودینے کی چٹنی کے ساتھ اس کا ذائقہ مزید اچھا ہوجاتا ہے۔

باجرے کا ڈھوکلا

اگر کچھ منفرد آزمانا ہو تو باجرے کے آٹے سے بھاپ میں پکا ہوا ڈھوکلا تیار کیا جا سکتا ہے۔ ڈھوکلا عام طور پر بیسن سے تیار کیا جاتا ہے، لیکن اس کی ایک مختلف شکل باجرے کے آٹے سے بھی بنائی جاسکتی ہے۔

اس کے آمیزے کو مناسب طریقے سے تیار کرکے بھاپ میں پکایا جاتا ہے۔ بعد میں رائی، کڑی پتے اور ہری مرچوں کا تڑکا لگایا جاتا ہے۔ یہ ناشتے یا شام کی ہلکی بھوک کے لیے اچھا انتخاب ہوسکتا ہے۔

باجرے کا پلاؤ

دوپہر یا رات کے کھانے میں عام چاولوں کے صحت بخش متبادل کے طور پر باجرے کے دانوں کو سبزیوں اور خوشبودار مصالحوں کے ساتھ پلاؤ کی شکل میں بھی پکایا جا سکتا ہے۔ یہ روزمرہ کے کھانے میں اناج کی ایک مختلف قسم شامل کرنے کا اچھا طریقہ ہے۔

باجرے کے لڈو

سردیوں کی مٹھائیوں میں باجرے کے لڈو خاص اہمیت رکھتے ہیں، جنہیں بھنے ہوئے باجرے کے آٹے میں گڑ، دیسی گھی اور تل ملا کر بنایا جاتا ہے اور یہ جسم کو فوری توانائی فراہم کرتے ہیں۔

باجرے کا سوپ

سرد شاموں میں گرم سوپ پینے کا اپنا ہی مزہ ہے۔ باجرے کے آٹے یا پہلے سے پکے ہوئے باجرے میں گاجر، مٹر، ٹماٹر اور دیگر سبزیاں شامل کرکے مزیدار سوپ بنایا جاسکتا ہے۔ ادرک اور کالی مرچ اس کے ذائقے کو مزید بہتر بناتے ہیں۔ یہ ان لوگوں کے لیے بھی اچھا طریقہ ہے جو اپنی خوراک میں باجرہ شامل کرنا چاہتے ہیں۔

باجرہ استعمال کرتے وقت کن باتوں کا خیال رکھیں؟

باجرا غذائیت سے بھرپور ضرور ہے، لیکن اسے بھی متوازن مقدار میں کھانا چاہیے۔ اپنی روزمرہ خوراک میں اسے سبزیوں، دالوں، دہی اور دیگر غذائیت بخش غذاؤں کے ساتھ شامل کرنا بہتر ہے۔

باجرے میں فائبر کی مقدار زیادہ ہونے کی وجہ سے اسے اچانک بہت زیادہ کھانے سے بعض افراد کو پیٹ پھولنے یا گیس کی شکایت ہوسکتی ہے۔ اس لیے ابتدا میں کم مقدار استعمال کریں اور پانی مناسب مقدار میں پیتے رہیں۔

باجرے کو صرف روٹی تک محدود رکھنے کے بجائے مختلف پکوانوں میں شامل کرکے سردیوں کی خوراک کو مزیدار اور غذائیت سے بھرپور بنایا جاسکتا ہے۔

More

Comments
1000 characters