چین کے شمال مشرقی شہر شینیانگ میں جنوبی چین کا قدیم روایتی رقص ینگے ڈانس شہریوں اور سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ جنگجوؤں کے انداز میں پیش کیے جانے والے اس رقص میں فنکاروں کی تیز حرکات، روایتی لباس اور ڈھول کی گونجتی تھاپ نے دیکھنے والوں کو محظوظ کیا۔
’چین نیوز نیٹ ورک‘ کے مطابق گوانگ ڈونگ کے شہر پوننگ سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے شینیانگ کی تاریخی ژونگ اسٹریٹ پر یہ پرفارمنس پیش کی۔ اس موقع پر شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور لوگوں نے فنکاروں کی ہم آہنگ حرکات اور روایتی موسیقی سے لطف اٹھایا۔
ینگے ڈانس کو عام طور پر چینی جنگی رقص بھی کہا جاتا ہے۔ اس میں فنکار مخصوص روایتی لباس پہنتے، چہروں پر جنگجوؤں جیسے نقش بناتے اور ہاتھوں میں لکڑی کی چھڑیاں تھام کر ایک منظم انداز میں رقص کرتے ہیں۔ ڈھول اور گونگ کی تیز تھاپ کے ساتھ ان کی حرکات میں جنگی مشقوں اور مقابلے کا تاثر نمایاں ہوتا ہے۔
یہ رقص چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کی قدیم ثقافتی روایات میں شامل ہے۔ اس کی تاریخ 300 سال سے زیادہ پرانی بتائی جاتی ہے اور اسے چین کے قومی غیر مادی ثقافتی ورثے میں شمار کیا جاتا ہے۔
پوننگ کا ینگے ڈانس اس روایت کی معروف شکلوں میں سے ایک ہے، جس میں اجتماعی رقص، مخصوص حرکات اور موسیقی کو خاص اہمیت حاصل ہے۔
یہ پرفارمنس گوانگ ڈونگ کے ثقافتی اور سیاحتی پروگرام کے تحت منعقد کی گئی، جس کا مقصد جنوبی چین کی روایتی ثقافت کو ملک کے دوسرے علاقوں کے لوگوں تک پہنچانا اور مختلف خطوں کے درمیان ثقافتی تبادلے کو فروغ دینا تھا۔
اس تقریب کے لیے شینیانگ کی ژونگ اسٹریٹ کا انتخاب بھی خاص اہمیت رکھتا ہے۔ یہ تاریخی سڑک تقریباً 400 سال پرانی ہے اور شہر کے معروف تجارتی و ثقافتی مقامات میں شمار ہوتی ہے۔ یہاں جنوبی چین کے قدیم جنگی رقص کی پیشکش نے تاریخی ماحول میں ایک منفرد ثقافتی رنگ شامل کردیا۔
























