پاکستانی شوبز کے معروف اداکار فواد خان اور ماہرہ خان کی نئی ویب سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی پہلی جھلک سامنے آگئی ہے، جبکہ سیریز کی ریلیز کی تاریخ بھی بتا دی گئی ہے۔ یہ سیریز 4 دسمبر 2026 سے نیٹ فلکس پر دیکھی جا سکے گی۔

’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کو نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی اور پاکستان کے پس منظر میں بنائی گئی اوریجنل سیریز قرار دی جا رہی ہے۔ اس میگا پروجیکٹ میں پاکستان شوبز انڈسٹری کے صف اول کے اداکار ایک ساتھ نظر آئیں گے، جن میں فواد خان اور ماہرہ خان کے علاوہ صنم سعید، احد رضا میر، اقرا عزیز، ہانیہ عامر اور حمزہ علی عباسی شامل ہیں۔

’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ معروف پاکستانی مصنفہ فرحت اشتیاق کے اسی نام سے شائع ہونے والے مقبول اردو ناول پر مبنی ہے۔ سیریز کی ہدایت کاری اور پروڈکشن کے فرائض مومنہ درید نے انجام دیے ہیں۔

سیریز کی کہانی انسانی رشتوں کی پیچیدگیوں، محبت اور ماضی کے زخموں کے مندمل ہونے کے گرد گھومتی ہے۔ کہانی کا مرکزی کردار سکندر شہریار ہے، جو ہارورڈ یونیورسٹی میں قانون کا طالب علم ہے اور ماضی کے جذباتی صدمات سے نبرد آزما ہے۔ اس کی زندگی میں لیزا نامی ایک باصلاحیت فنکارہ آتی ہے، جس کا اپنا ماضی بھی کئی پیچیدگیوں کا شکار ہے۔

اٹلی کے خوبصورت مقامات پر فلمائی گئی یہ کہانی دونوں کرداروں کے درمیان بننے والے تعلق، محبت، جدائی اور خاندانی مسائل کے گرد گھومتی ہے۔

نیٹ فلکس نے سیریز کے پہلے پوسٹرز جاری کرتے ہوئے اسے تین نسلوں، محبت کی چھ کہانیوں اور ایک اہم سوال سے جوڑا ہے کہ کیا ہمارے دلوں میں موجود محبت زندگی کے تمام رشتوں کو سنبھالنے کے لیے کافی ہے؟

اس سیریز کے ذریعے ماضی کی مقبول جوڑیاں بھی دوبارہ اسکرین پر اکٹھی ہو رہی ہیں۔ فواد خان اور صنم سعید اس سے قبل مقبول پاکستانی ڈرامے ’زندگی گلزار ہے‘ میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں، جسے شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی تھی۔ دونوں بعد میں ویب سیریز ’برزخ‘ میں بھی دوبارہ نظر آئے۔

اسی طرح فواد خان اور ماہرہ خان کی جوڑی ڈرامہ سیریل ’ہمسفر‘ کے ذریعے بے حد مقبول ہوئی تھی۔ دونوں فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں بھی ساتھ کام کر چکے ہیں، جسے پاکستانی سنیما کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم قرار دیا جاتا ہے۔

فی الحال سیریز کی ریلیز کی تاریخ 4 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔

More

Comments
1000 characters