بگ باس جیسے ریئلٹی شوز میں شرکاء کا رویہ اکثر ناظرین کے لیے حیرت کا باعث بنتا ہے۔ کبھی کوئی معمولی بات بڑے جھگڑے میں بدل جاتی ہے، کبھی پرسکون نظر آنے والا شخص اچانک غصے میں آجاتا ہے اور کبھی کوئی نمایاں طور پر خاموش یا جذباتی دکھائی دیتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس طرح کے رویوں کو صرف شخصیت یا عادت کی بنیاد پر سمجھنا درست نہیں، کیونکہ بگ باس کا گھر عام زندگی سے بالکل مختلف ماحول فراہم کرتا ہے۔

شرکاء کو اجنبی لوگوں کے ساتھ ایک محدود جگہ میں رہنا پڑتا ہے، ان کی گفتگو اور حرکات مسلسل کیمروں اور مائیکروفون کے ذریعے ریکارڈ ہوتی ہیں اور انہیں معلوم ہوتا ہے کہ ان کے رویے کو لاکھوں ناظرین دیکھتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی مقابلے کا دباؤ، محدود نجی زندگی، باہمی اختلافات، نیند اور روزمرہ معمولات میں تبدیلی بھی جذبات پر اثر ڈال سکتی ہے۔

ماہرین نفسیات کے مطابق یہ انسانی رویوں کا ایک سخت ترین امتحان ہے۔ اس گھر میں رہنے والوں کو بخوبی علم ہوتا ہے کہ ان کی ہر حرکت، بات چیت اور جذبات کو لاکھوں لوگ مسلسل دیکھ رہے ہیں، اور یہی احساس ان کے سوچنے سمجھنے کے انداز کو مکمل طور پر بدل دیتا ہے۔

تاہم ہر شخص پر اس کا اثر ایک جیسا نہیں ہوتا۔ کچھ لوگ وقت گزرنے کے ساتھ کیمروں کے عادی ہو جاتے ہیں اور نسبتاً فطری انداز میں رہنے لگتے ہیں، جبکہ کچھ افراد طویل عرصے تک یہ محسوس کر سکتے ہیں کہ وہ بڑے پیمانے پر ناظرین کے سامنے موجود ہیں۔

لوگوں کی رائے کا خوف بھی رویے کو بدل سکتا ہے

کسی بھی انسان کو یہ معلوم ہو کہ اسے ہر زاویے سے ریکارڈ کیا جا رہا ہے، تو اس کے دماغ پر ایک عجیب قسم کا دباؤ پڑتا ہے۔ وہ اپنے ہر لفظ اور چہرے کے تاثر کے بارے میں ضرورت سے زیادہ محتاط ہو جاتا ہے۔ وہ یہ سوچنے پر مجبور رہتا ہے کہ باہر بیٹھے لوگ اسے کیسا سمجھ رہے ہوں گے۔ یہ مسلسل سوچ بچار دماغ کو بری طرح تھکا دیتی ہے۔ شرکا کو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ کسی ان دیکھے ہجوم کے سامنے چوبیس گھنٹے اداکاری کر رہے ہیں، جس سے ذہنی سکون ختم ہو کر رہ جاتا ہے۔

تنازع کے بعد بھی بچ نکلنے کا راستہ ممکن نہیں

عام زندگی میں جب ہم کسی سے لڑتے ہیں یا پریشان ہوتے ہیں، تو ہم کسی کونے میں جا کر اکیلے رو سکتے ہیں یا کیمرے کی آنکھ سے دور جا کر اپنا غصہ ٹھنڈا کر سکتے ہیں۔ مگر بگ باس کے گھر میں بچنے کا کوئی راستہ نہیں۔ لڑائی کے بعد بھی کیمرے کھلاڑی کا پیچھا نہیں چھوڑتے اور اسے انہی لوگوں کے ساتھ سونا اور کھانا پڑتا ہے جن سے اس کا جھگڑا ہوا ہو۔ یہ صورتِ حال انسانی دماغ کے اعصابی نظام کو مسلسل خطرے کی حالت میں رکھتی ہے، جس کی وجہ سے ذہنی دباؤ میں کمی نہیں آتی اور انسان معمولی سی بات پر بھی شدید غصے یا چڑچڑے پن کا شکار ہو جاتا ہے۔

گروپ بننے سے چھوٹا اختلاف بڑا مسئلہ بن سکتا ہے

اجنبی افراد جب طویل عرصے تک ایک ساتھ رہتے ہیں تو فطری طور پر کچھ لوگ ایک دوسرے کے قریب آ جاتے ہیں۔ مشترکہ خیالات، مزاج یا گفتگو کا انداز لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لا سکتا ہے۔

وقت کے ساتھ یہ تعلقات گروپوں اور اتحاد کی شکل اختیار کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد دو افراد کا اختلاف صرف ان دونوں تک محدود نہیں رہتا بلکہ پورا گروپ اس میں شامل ہو سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ریئلٹی شوز میں بعض اوقات معمولی اختلاف بہت تیزی سے بڑے تنازع میں تبدیل ہوتا دکھائی دیتا ہے۔

دباؤ میں جذبات پر قابو رکھنا مشکل ہو سکتا ہے

کیمروں کی ہر وقت موجودگی کی وجہ سے لوگوں کے اندر تنقید کا نشانہ بننے کا خوف بھی پیدا ہو جاتا ہے۔ انسان فطری طور پر چاہتا ہے کہ معاشرہ اسے پسند کرے۔ اس لیے ہر وقت کیمروں کے سامنے رہنے کے دباؤ میں کچھ لوگ بہت محتاط ہو کر اپنی اصلیت چھپانے کی کوشش کرتے ہیں، جبکہ کچھ لوگ اس دباؤ کو برداشت نہ کرتے ہوئے اپنے جذبات پر قابو کھو بیٹھتے ہیں۔ جو شخص عام زندگی میں انتہائی پرسکون ہوتا ہے، وہ بھی اس مسلسل نگرانی اور تنقید کے ڈر سے جھگڑالو یا بالکل خاموش ہو سکتا ہے۔

دراصل بگ باس کا گھر صرف ایک تفریحی پروگرام کا سیٹ نہیں بلکہ ایسا ماحول ہے جہاں مسلسل نگرانی، محدود نجی زندگی، مقابلے اور باہمی کشیدگی انسان کے جذبات اور رویوں کو متاثر کر سکتی ہے۔ ایسے حالات میں غصہ، حساسیت یا جذباتی ردعمل کا بڑھ جانا ہمیشہ کسی ذہنی بیماری کی علامت نہیں ہوتا۔

ہر فرد کا ردعمل اس کی شخصیت، حالات اور ذہنی برداشت پر منحصر ہوتا ہے۔ اس لیے اسکرین پر نظر آنے والے چند لمحات کی بنیاد پر کسی شرکاء کے بارے میں فیصلہ کرنے کے بجائے یہ سمجھنا زیادہ اہم ہے کہ ہر رویے کے پیچھے ایک پیچیدہ انسانی اور نفسیاتی پس منظر موجود ہو سکتا ہے اورکیمروں کے سامنے رہنے کا مسلسل دباؤ نہ صرف شرکاء کے رویوں میں تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے بلکہ ان کی ذہنی اور جذباتی کیفیت کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔

More

Comments
1000 characters