مشہور بھارتی اداکار اور یوٹیوبر بھون بام اپنے مزاحیہ انداز اور شو بی بی کی وائنز کی وجہ سے پوری دنیا میں جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں اپنی زندگی کے ایک انتہائی غمگین پہلو سے پردہ اٹھایا ہے. انہوں نے بتایا ہے کہ کورونا وبا کے دوران اپنے والدین کو کھونے کے بعد وہ اپنے گھر کے اندر ویڈیوز بنانے سے کیوں گریز کرنے لگے۔
بھون بام نے ’بی بی کی وائنز‘ کے ذریعےشہرت حاصل کی اور ان کی کئی ویڈیوز گھر کے اندر ہی بنائی جاتی تھیں۔ تاہم والدین کے انتقال کے بعد گھر کے اندر بند چار دیواری میں رہنا انہیں اپنے والدین کی یاد دلاتا ہے اور اس صدمے کی وجہ سے انہوں نے گھر کے اندر شوٹنگ کرنا بند کر دی۔
نایان دیپ رکشیت کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بھون بام کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں کہ تم یوٹیوب بھول گئے ہو، لیکن ایسا ہو ہی نہیں سکتا۔
انہوں نے سوال کیا کہ میں اس چیز کو کیسے بھول سکتا ہوں جس نے مجھے یہ کیریئر دیا ہے، جس کی بدولت آج میں آپ کے ساتھ بیٹھا ہوں اور سر یعنی نکھل ایڈوانی کے ساتھ کام کر رہا ہوں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ بات صرف اتنی ہے کہ اب میں ان چار دیواریوں کے اندر رہنا نہیں چاہتا کیونکہ وہ مجھے میرے گھر کی یاد دلاتی ہیں۔

کورونا وبا کے دوران اپنے والدین کو کھونے کے بعد ان کے لیے گھر کے اندر رہنا مشکل ہو چکا ہے کیونکہ اس سے انہیں اپنے ماضی کے مشکل دن یاد آتے ہیں۔ چونکہ ان کا زیادہ تر کام گھر کے اندر ہی ریکارڈ ہوتا تھا اس لیے انہوں نے اس ماحول سے دور جانے کا فیصلہ کیا۔
اس مشکل وقت کا سامنا کرنے کے لیے انہوں نے مزاح کو اپنا ڈھال بنا لیا ہے۔ اس بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایسا ہوا کہ میں نے المیوں کے اندر بھی مزاح تلاش کرنا شروع کر دیا کیونکہ جب آپ اکیلے بیٹھتے ہیں اور زندگی کو دیکھتے ہیں تو آپ کو صرف اپنے برے دن ہی یاد آتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے نبرد آزما ہونے کے لیے آپ کو کسی سے بات کرنے یا کسی ایسی چیز کی ضرورت ہوتی ہے جسے دیکھ کر آپ ہنس سکیں۔
کام کے حوالے سے بات کی جائے تو بھون بام بہت جلد نئی سیریز ’دی ریولوشنریز‘ میں روہت سراف، گورفتح پیرزادہ اور پراتیبا رانتا کے ساتھ نظر آئیں گے۔ یہ سیریز گیارہ ستمبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔
























