ممبئی میں بولی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل کے والدین کے گھر مبینہ چوری کا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں تقریباً 5 لاکھ بھارتی روپے مالیت کے زیورات غائب ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ممبئی کے چرچ گیٹ علاقے میں واقع امیشا پٹیل کے والدین کے گھر میں پیش آیا۔ پولیس نے چوری کے الزام میں 40 سالہ گھریلو ملازمہ سیما گھاٹے کو گرفتار کر لیا ہے، جو تقریباً ڈیڑھ سال سے گھر میں کام کر رہی تھی۔
رپورٹس کے مطابق امیشا پٹیل کی والدہ آشا پٹیل نے پولیس کو شکایت کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوری 2026 میں گھر سے ایک کنگن غائب ہوا تھا، جس کے بعد انہیں گھریلو ملازمہ پر شک ہوا۔
آشا پٹیل نے مبینہ طور پر کئی ماہ تک ملازمہ سے زیور واپس کرنے اور چوری کا اعتراف کرنے کو کہا، تاہم زیور واپس نہ ملنے پر انہوں نے پولیس سے رجوع کیا۔
پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران سیما گھاٹے کا سراغ ویرار سے ملا، جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔ عدالت نے ملزمہ کو 15 ستمبر تک پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چوری کیے گئے زیورات کی برآمدگی کی کوشش جاری ہے جبکہ یہ بھی معلوم کیا جا رہا ہے کہ ملزمہ کا اس سے پہلے کوئی مجرمانہ ریکارڈ تو نہیں۔ تاہم معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور الزامات ابھی ثابت ہونا باقی ہیں۔
امیشا پٹیل نے سال 2000 میں فلم ’کہو نہ پیار ہے‘ سے بولی ووڈ میں قدم رکھا تھا۔ اس کے بعد وہ ’غدر: ایک پریم کتھا‘، ’ہمراز‘، ’بھول بھلیاں‘ اور ’ریس 2‘ سمیت کئی فلموں میں نظر آئیں۔
























