سینئر پاکستانی اداکارہ حمیرا بانو کی شادی کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے بارے میں کئی طرح کی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں کیونکہ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی شادی کی خبر تو دی تھی لیکن اپنے شوہر کا چہرہ نہیں دکھایا تھا. اس بات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کچھ سوشل میڈیا پیجز اور یوٹیوب چینلز نے یہ افواہ پھیلا دی کہ حمیرا بانو نے کسی اور سے نہیں بلکہ اپنے ہی ساتھی اور سینئر اداکار عثمان پیرزادہ سے شادی کر لی ہے اور یہ بھی کہا گیا کہ عثمان پیرزادہ نے اپنی پہلی بیوی ثمینہ پیرزادہ کو طلاق دے دی ہے.

اس جھوٹی خبر کے تیزی سے پھیلنے کے بعد سینئر اداکار عثمان پیرزادہ نے ایک مارننگ شو میں آ کر ان تمام افواہوں کی سخت تردید کی اور حقیقت سب کے سامنے رکھی.

انہوں نے شو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ سوشل میڈیا کو بہتر جانتے ہیں، میں صرف اتنا جانتا ہوں کہ پچھلے 45 سالوں سے میری ایک ہی بیوی ہے اور میں دعا کرتا ہوں کہ وہ اگلے پچاس سال تک میری یہی بیوی رہے۔

عثمان پیرزادہ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ یہ لوگ صرف پیسے اور زیادہ کلکس حاصل کرنے کے لیے کیوں جھوٹ پھیلاتے ہیں، میرا اور حمیرابانو کا نام آپس میں جوڑنے کے پیچھے کیا مقصد تھا مجھے کچھ معلوم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس بات سے ہمارا تو کوئی نقصان نہیں ہوا لیکن ہمارے مداح ضرور پریشان ہو گئے تھے اور مجھے ان کے بہت سارے فون آ رہے تھے۔

عثمان پیرزادہ نے یہ بھی بتایا کہ اس طرح کی افواہیں ان کے بارے میں پہلے بھی ہزاروں بار پھیلائی جا چکی ہیں لیکن ان سب چیزوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اس معاملے پر حمیرابانو اور ان کے اصل شوہر سے بھی بات کی ہے اور ہم سب اس بات پر صرف ہنسے تھے۔

اس کے علاوہ اداکارہ حمیرا بانو نے بھی عظمیٰ طاہر کے ساتھ ایک ویڈیو کال کے دوران ان تمام بے بنیاد باتوں کو غلط قرار دیا اور واضح کیا کہ ان کی شادی کسی اور سے ہوئی ہے۔

انہوں نے اپنے شوہر کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ان کا میڈیا سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی وہ کوئی فنکار یا ڈائریکٹر ہیں۔

حمیرا بانو کے شوہر کی تصویر بھی شیئر کی گئی، جس سے واضح کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر عثمان پیرزادہ سے ان کی شادی سے متعلق پھیلائی جانے والی باتیں درست نہیں۔

More

Comments
1000 characters