پلاسٹک کے اسٹول کے درمیان سوراخ کیوں ہوتا ہے؟
گھروں، دکانوں، چھوٹے ہوٹلوں اور اسکولوں میں عام استعمال ہونے والے پلاسٹک کے اسٹول تو سبھی نے دیکھے ہوں گے۔ یہ ہلکے پھلکے اور اٹھانے میں بہت آسان ہوتے ہیں۔ لیکن کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ ان کی بیٹھنے والی جگہ کے بالکل درمیان میں ایک چھوٹا سا سوراخ کیوں بنایا جاتا ہے؟
بہت سے لوگ اسے محض ڈیزائن کا حصہ سمجھتے ہیں لیکن حقیقت میں یہ چھوٹا سا سوراخ بڑے کام کی چیز ہے اور اس کے پیچھے چند اہم عملی وجوہات ہیں۔
اسٹول اٹھانا آسان ہوجاتا ہے
اس سوراخ کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ چھوٹے ہینڈل کی طرح کام کرتا ہے۔ اسٹول کو کناروں سے پکڑنے کے بجائے ہاتھ کو سوراخ میں ڈال کر اسے آسانی سے اٹھایا جاسکتا ہے۔ یہ سوراخ اسٹول کو ایک جگہ سے دوسری جگہ اٹھا کر لے جانے میں مدد دیتا ہے۔
جب بہت سارے اسٹول ایک ساتھ اٹھانے ہوں یا ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے ہوں تو سوراخ میں ہاتھ ڈال کر اسے آسانی سے پکڑا جا سکتا ہے۔
اسٹول کا وزن کم رکھنے میں مدد
پلاسٹک کی اسٹول کو مضبوط بھی ہونا ہوتا ہے اور زیادہ بھاری بھی نہیں ہونا چاہیے۔ نشست میں چھوٹا سا سوراخ بنانے سے پلاسٹک کی مقدار کچھ کم ہوجاتی ہے، جس سے یہ ہلکا پھلکا رہتا ہے جبکہ اس کی مضبوطی پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔
اس طرح اسٹول روزمرہ استعمال کے لیے مضبوط رہتے ہوئے بھی آسانی سے اٹھائی جاسکتی ہے۔
پانی جمع ہونے سے بچانے میں مدد
پلاسٹک کی اسٹول اکثر باتھ روم، بالکونی یا کھلی جگہوں پر بھی استعمال ہوتی ہے، جہاں اس پر پانی پڑ سکتا ہے۔
اگر اسٹول کی نشست مکمل طور پر بند ہو تو پانی اس پر کچھ دیر جمع رہ سکتا ہے۔ بارش یا پانی پڑنے کی صورت میں اس سوراخ کی وجہ سے پانی سیٹ پر جمع نہیں ہوتا بلکہ نیچے بہہ جاتا ہے جس سے اسٹول کو صاف کرنا اور خشک کرنا بہت آسان ہو جاتا ہے۔
ایک دوسرے کے اوپر رکھنا بھی آسان
اکثر پلاسٹک کی اسٹول اس طرح بنائی جاتی ہیں کہ انہیں ایک دوسرے کے اندر یا اوپر رکھ کر کم جگہ میں محفوظ کیا جاسکے۔ دکانوں، اسکولوں، گھروں یا ایسی جگہوں پر جہاں کئی اسٹول استعمال ہوتی ہوں، یہ ڈیزائن خاص طور پر کارآمد ہوتا ہے۔
درمیان میں موجود سوراخ اسٹول کو پکڑنے میں بھی مدد دیتا ہے، جس سے اسٹیک کی ہوئی اسٹول کو الگ کرنا آسان ہوجاتا ہے۔
صرف خوبصورتی کے لیے نہیں ہوتا
پلاسٹک کی اسٹول میں بنا یہ چھوٹا سا سوراخ محض خوبصورتی یا ڈیزائن کا حصہ نہیں بلکہ روزمرہ استعمال کو آسان بنانے کے لیے بھی کام آتا ہے۔ اسے ایک چھوٹے ہینڈل کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے، یہ اسٹول کو نسبتاً ہلکا رکھنے میں مدد دیتا ہے، پانی کے اخراج میں سہولت فراہم کرتا ہے اور اسٹول کو رکھنے یا اٹھانے میں بھی آسانی پیدا کرتا ہے۔
لہٰذا اگلی بار جب آپ پلاسٹک کی اسٹول اٹھاتے ہوئے اس کے درمیان موجود سوراخ میں ہاتھ ڈالیں تو یاد رکھیں کہ بظاہر معمولی نظر آنے والا یہ ڈیزائن دراصل کئی کام آسان بنانے کے لیے بنایا گیا ہے۔
























