بولی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف حال ہی میں شوہر وکی کوشل کے ہمراہ مکیش امبانی کی گنپتی تقریب میں شریک ہوئیں، جس کے بعد ان کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں اور کچھ لوگوں نے ان کے لک اور جسم پر تنقید کرنا شروع کر دی تھی۔

کترینہ کیف کے حوالے سے ہونے والی اس آن لائن ٹرولنگ پر پاکستانی اداکار اور گلوکار علی ظفر نے آواز اٹھائی ہے۔

علی ظفر کترینہ کے ساتھ فلم ’میرے برادر کی دلہن‘ میں کام کرچکےہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے خواتین کے جسم اور ظاہری شکل و صورت پر غیر ضروری تبصروں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

علی ظفر نے کہا کہ وہ کئی برس سے سوشل میڈیا ٹرولنگ کے خلاف بات کرتے آرہے ہیں اور ماضی میں ان کی ساتھی اداکارہ ماہرہ خان سمیت کئی خواتین بھی اسی طرح کی تنقید کا سامنا کرچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی خاتون کے بارے میں یہ کہنا کہ وہ پہلے ایسی نظر آتی تھی اور اب ایسی دکھائی دیتی ہے، دراصل معاشرے میں خواتین کے لیے بنائے گئے غیر ضروری پیمانوں کی عکاسی کرتا ہے۔

علی ظفر کا کہنا تھا کہ میں یہ سب اس لیے نہیں کہہ رہا ہے کہ میں کوئی توپ چیز ہوں بلکہ میں صرف اس لیے کہہ رہا ہوں کہ ہم سب کو اپنے اندر جھانکنے کی ضرورت ہے اور خاص طور پر مردوں کو یہ سوچنا چاہیے کہ وہ خواتین کے جسم اور ان کے طرزِ زندگی کو اپنے بنائے ہوئے پیمانے پر تولتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی خاتون ان کے پیمانے پر پوری نہیں اترتی تو سب مل کر اس کی توہین کرنے لگتے ہیں جو کہ سراسر غلط ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر انسان کی زندگی میں اپنے مسائل اور حالات ہوتے ہیں، جن کے بارے میں دوسروں کو مکمل علم نہیں ہوتا۔ اس لیے کسی کے بارے میں فیصلہ سنانے کے بجائے لوگوں کے ساتھ نرمی، سمجھ داری اور احترام سے پیش آنا چاہیے۔

علی ظفر نے خوبصورتی کے غیر حقیقی معیار پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ خواتین سے ’زیرو فگر‘ اور مردوں سے ہر وقت ’سکس پیک ایبز‘ کی توقعات حقیقت پسندانہ نہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انسانوں کو ایک دوسرے کی مسلسل تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے مثبت رویہ اپنانا چاہیے۔

علی ظفر کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے اور صارفین کی جانب سے اس پر مختلف ردعمل بھی سامنے آرہے ہیں۔

More

Comments
1000 characters