80 اور 90 کی دہائی کی بولی ووڈ کی مشہور جوڑی نیلم کوٹھاری اور گووندا کے مابین ماضی کے تعلقات اور محبت کے چرچے ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں۔ طویل عرصے سے جاری قیاس آرائیوں پر خاموشی توڑتے ہوئے اداکارہ نیلم کوٹھاری نے اس زمانے کے کئی ان کہے رازوں سے پردہ اٹھایا ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے شوہر اور اداکار سمیر سونی کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے 56 سالہ نیلم نے بتایا کہ 1980 اور 1990 کی دہائی کے اوائل میں جب وہ اور گووندا ایک ساتھ کئی فلموں میں کام کر رہے تھے، تو وہ عمر میں بہت چھوٹی تھیں۔

میزبان کی جانب سے یہ بتائے جانے پر کہ گووندا حقیقی زندگی میں ان سے شدید محبت کرتے تھے، نیلم کا کہنا تھا، ’میں بہت چھوٹی تھی، مجھے بالکل معلوم نہیں تھا کہ وہ شادی شدہ ہیں، اس بات کا مجھے بہت بعد میں پتہ چلا۔‘

نیلم نے اپنے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس دور میں ان کے والدین انتہائی سخت اصولوں کے پابند تھے۔ س لیے اس دور میں کسی رومانوی تعلق کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شوٹنگ کے دوران خاندان کا کوئی نہ کوئی فرد ہمیشہ ان کے ساتھ موجود ہوتا تھا۔ ان کی پوری توجہ صرف اور صرف ہندی زبان سیکھنے اور اپنے اداکاری کے کیریئر پر مرکوز تھی۔

دوسری جانب، نیلم کے موجودہ شوہر سمیر سونی نے اس پورے معاملے پر انتہائی میچور اور خوشگوار انداز اپناتے ہوئے کہا کہ ماضی کے ان قصوں سے انہیں کبھی کوئی فرق نہیں پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ دہائیوں پہلے ہوا یا نہیں ہوا، اس سے ان کی موجودہ زندگی پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔

سمیر نے ہنستے ہوئے یہ بھی کہا کہ اگر گووندا آج بھی یہ کہتے ہیں کہ وہ نیلم سے بہت محبت کرتے تھے تو اس بات کو وہ ماضی کے ایک واقعے کے طور پر دیکھتے ہیں۔

یواضح رہے کہ نیلم اور گووندا نے 1980 کی دہائی اور 1990 کی دہائی کے ابتدائی برسوں میں ایک ساتھ متعدد فلموں میں کام کیا۔ دونوں کی آن اسکرین جوڑی کو بھی پسند کیا گیا اور اسی دوران ان کے درمیان قریبی تعلقات کی خبریں بھی گردش کرتی رہیں۔

ماضی میں ’اسٹارڈسٹ‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں خود گووندا نے بھی اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ سنیتا آہوجا کے ساتھ تعلقات کے باوجود وہ نیلم کی طرف مائل ہو گئے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ساتھ کام کرتے ہوئے وہ نیلم کو دل سے پسند کرنے لگے تھے کیونکہ وہ ایسی خاتون تھیں جن سے کوئی بھی مرد محبت کر سکتا ہے۔

گووندا خود بھی ماضی میں نیلم کے لیے اپنے جذبات کا اعتراف کر چکے ہیں۔ 1990 میں اسٹارڈسٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ ایک ساتھ کئی فلموں میں کام کرنے اور بار بار ملاقاتوں کے باعث نیلم کے لیے ان کی پسند وقت کے ساتھ بڑھتی گئی۔

گووندا کے مطابق، وہ نیلم کو زیادہ جاننے لگے تو ان کے دل میں ان کے لیے جذبات پیدا ہوگئے۔ انہوں نے نیلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایسی خاتون تھیں جن سے کوئی بھی مرد محبت کرسکتا تھا اور وہ خود بھی ان سے محبت کرنے لگے تھے۔

More

Comments
1000 characters