پیٹرولیم جیلی چہرے پر لگانے کے کیا فائدے ہیں؟
چہرے کی جلد کو خشک ہونے سے بچانے کے لیے مہنگی بیوٹی پروڈکٹس خریدنا ضروری نہیں۔ سادہ اور گھریلو اجزاء جلد پر بہترین اثرات مرتب کرتے ہیں۔ پیٹرولیم جیلی ایسا ہی ایک موثر اور سستا ذریعہ ہے جو جلد کو گہری نمی فراہم کرنے اور خشکی سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
عام پیٹرولیم جیلی بھی خشک جلد کی دیکھ بھال میں مدد دے سکتی ہے۔ یہ جلد کی سطح پر ایک حفاظتی تہہ بناتی ہے جو پہلے سے موجود نمی کو جلد میں برقرار رکھنے میں مدد کرتی ہے۔ اگر اسے کچھ قدرتی اجزاء کے ساتھ ملایا جائے تو جلد کو اضافی نمی اور چمک مل سکتی ہے۔
پیٹرولیم جیلی چہرے پر لگانے کے فائدے
نمی کو برقرار رکھنا
خاص طور پر سرد موسم، خشک ہوا یا بار بار چہرہ دھونے کی وجہ سے جن لوگوں کی جلد کھنچی کھنچی اور خشک محسوس ہوتی ہے، ان کے لیے پیٹرولیم جیلی ایک سادہ آپشن ہو سکتی ہے۔
پیٹرولیم جیلی جلد کی تہوں میں قدرتی نمی کو لاک کرنے کا کام کرتی ہے۔ یہ جلد سے نمی کے ضائع ہونے کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ رات کو چہرہ صاف کرنے کے بعد بہت تھوڑی مقدار میں پیٹرولیم جیلی خشک حصوں پر لگائی جا سکتی ہے۔
بہتر نتائج کے لیے اسے نم جلد پر لگانا زیادہ مناسب رہتا ہے، کیونکہ اس طرح جلد میں موجود نمی کو برقرار رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔ چہرے پر بہت زیادہ مقدار لگانے کے بجائے ایک باریک تہہ کافی ہوتی ہے۔
خشک اور پھٹے ہونٹوں کے لیے
موسم کی خشکی، ٹھنڈی ہوا اور دھوپ کی وجہ سے ہونٹ خشک اور جلد پھٹ سکتے ہیں۔ پیٹرولیم جیلی ہونٹوں پر حفاظتی تہہ بنا کر نمی کو برقرار رکھنے میں مدد کرتی ہے اور انہیں نرم رکھ کر مزید خشک ہونے سے بچا سکتی ہے۔
ابروؤں کی سیٹنگ
بے ترتیب بھنووں کوسیٹ کرنے کے لیے پیٹرولیم جیلی کا استعمال ایک آسان طریقہ ہوسکتا ہے۔ ابروؤں پر تھوڑی سی مقدار میں جیلی لگا کر انہیں باآسانی من پسند شکل میں طویل عرصے تک سیٹ رکھا جا سکتا ہے۔
چہرے پر کن چیزوں کے ساتھ ملاکر پیٹرولیم جیلی استعمال کریں؟
بہتر نتائج کے لیے پیٹرولیم جیلی کو وٹامن ای کیپسول، گلیسرین یا لیموں کے رس جیسے قدرتی اجزاء کے ساتھ ملا کر چہرے پر لگایا جا سکتا ہے۔ وٹامن ای کا تیل نمی کو کم کرتا ہے اور جلد کو نکھارتا ہے، جب کہ گلیسرین خشکی کو دور کرتی ہے اور لیموں کا رس جلد کو صاف کرتا ہے۔
ایکنی والی جلد پر احتیاط
اگر آپ کی جلد مہاسوں یا ایکنی کا شکار ہے تو پورے چہرے پر پیٹرولیم جیلی لگانے سے پہلے احتیاط کریں کیونکہ یہ مساموں کو بند کر کے مہاسوں کو بڑھا سکتی ہے۔ اس صورتحال میں ہلکے اور نان کامیڈوجینک موئسچرائزر کا انتخاب کریں۔ اگر بار بار دانے نکلتے ہیں تو صرف گھریلو ٹوٹکوں پر انحصار کرنے کے بجائے ماہرِ جلد سے مشورہ کرنا بہتر ہے۔
صحیح استعمال کا آسان طریقہ
پیٹرولیم جیلی استعمال کرنے سے پہلے چہرہ ہلکے کلینزر سے صاف کریں۔ اس کے بعد جلد کو مکمل طور پر خشک کرنے کے بجائے ہلکا سا نم رہنے دیں۔ پھر انگلی کی پور پر بہت تھوڑی مقدار لے کر خشک حصوں پر باریک تہہ لگائیں۔
آنکھوں کے بالکل قریب، زخم، متاثرہ جلد یا ایسے حصوں پر جہاں شدید جلن ہو، اسے استعمال کرنے سے گریز کریں۔ پہلی مرتبہ استعمال کرنے والے افراد پہلے جلد کے ایک چھوٹے حصے پر لگا کر ردعمل دیکھ سکتے ہیں۔
























