پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے حالیہ دنوں میں اپنے وزن میں نمایاں کمی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں اور قیاس آرائیوں پر خاموشی توڑتے ہوئے اصل حقیقت بیان کر دی ہے۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ ان کا وزن کسی دوا یا انجیکشن کے باعث کم نہیں ہوا بلکہ شوہر کے انتقال کے بعد پیش آنے والی شدید ذہنی اذیت اور غم نے ان کی صحت پر اثر ڈالا۔

شگفتہ اعجاز کے شوہر یحییٰ صدیقی طویل عرصے تک کینسر کے مرض میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کر گئے تھے۔ ان کے انتقال کے بعد اداکارہ کی جسمانی ساخت میں نمایاں تبدیلی دیکھی گئی اور ان کا وزن بھی خاصا کم ہوگیا۔

اس تبدیلی کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔ بعض صارفین کا خیال تھا کہ اداکارہ نے وزن گھٹانے کے لیے اوزیمپک یا مونجارو جیسے انجیکشن استعمال کیے ہیں۔

تاہم شگفتہ اعجاز نے حال ہی میں نجی چینل کے ایک پروگرام میں شرکت کے دوران ان تمام افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ انہوں نے زندگی میں کبھی اوزیمپک یا اس نوعیت کا کوئی انجیکشن استعمال نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ وزن کم کرنے کے لیے کسی بھی مصنوعی طریقے، انجیکشنز یا وزن گھٹانے والی مخصوص چائے کے استعمال کے حق میں نہیں ہیں، بلکہ صحت مند طرزِ زندگی، متوازن غذا اور باقاعدہ ورزش پر یقین رکھتی ہیں۔

شگفتہ اعجاز نے بتایا کہ شوہر کے انتقال کے بعد وہ جس کرب اور غم سے گزریں، اس کا اثر ان کے وزن پر بھی پڑا۔ ان کے مطابق وزن میں کمی کی اصل وجہ یہی مشکل دور تھا، نہ کہ کوئی مخصوص دوا یا انجیکشن۔

اداکارہ نے اس حوالے سے افسوس کا اظہار بھی کیا کہ ان کے وزن میں کمی کو بعض لوگوں نے وزن گھٹانے کے طریقوں سے جوڑ دیا، حالانکہ اس کے پیچھے ایک تکلیف دہ ذاتی تجربہ تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی دوسرے شخص کے لیے ایسی صورتحال کی خواہش نہیں کریں گی۔ شوہر کی جدائی کا غم ان کے لیے ایک مشکل مرحلہ رہا، جس کے اثرات جسمانی صحت پر بھی ظاہر ہوئے۔

واضح رہے کہ اوزیمپک اور مونجارو مخصوص طبی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی ادویات ہیں، جن کے استعمال کے بارے میں ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔

More

Comments
1000 characters