یرانی حکام نے لازمی حجاب کے بغیر پرفارم کرنے والی معروف گلوکارہ پرستو احمدی اور ان کے بینڈ و پروڈکشن ٹیم کے چار ارکان کو شہر قم میں 74، 74 کوڑوں کی سزا دی ہے۔

ملزمان کے وکلا کی ٹیم کے ایک رکن نے برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کو بتایا کہ 29 سالہ گلوکارہ پرستو احمدی، تین موسیقاروں اور ایک پروڈیوسر کو قم کے دفتر نفاذ فوجداری سزا کی تیسری برانچ میں کوڑے مارے گئے۔

یہ کارروائی دسمبر 2024 میں براہ راست نشر ہونے والے ایک کنسرٹ کے تناظر میں کی گئی، جس میں پرستو احمدی نے بغیر آستینوں والا لباس پہنا تھا، جبکہ ایرانی قوانین کے تحت خواتین کی عوامی پرفارمنس پر پابندی ہے اور ان کے لیے سر ڈھانپنا اور مخصوص لباس پہننا لازمی ہے۔

بی بی سی کے مطابق رواں سال جون میں قم کی ایک فوجداری عدالت نے پرستو احمدی اور دیگر آٹھ افراد کو فحش اور غیر اخلاقی مواد شائع کر کے عوامی شائستگی مجروح کرنے کا مجرم قرار دیا تھا، تاہم ملزمان نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔

عدالت نے انہیں 74 کوڑوں کی سزا کے علاوہ دو سال کے لیے کسی بھی آڈیو ویڈیو سرگرمی میں حصہ لینے اور ملک سے باہر جانے پر بھی پابندی عائد کی تھی۔

ستمبر کے آخر میں قم کی ایک اپیل کورٹ نے ملزمان کی اپیل مسترد کرتے ہوئے اس سزا کو برقرار رکھا تھا۔

دفاعی ٹیم کے وکیل نے بی بی سی کو بتایا کہ انہوں نے فیصلے کو کالعدم قرار دلوانے یا کم از کم سزا میں کمی یا معطلی حاصل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ملی۔

ان کے بقول انہوں نے اور دیگر وکلا نے سزا پر عمل درآمد ملتوی کرانے کی بھی کوشش کی تاہم متعلقہ برانچ نے فوری عمل درآمد پر اصرار کیا۔

ایرانی روزنامے ’اعتماد‘ نے ایک اور دفاعی وکیل مصطفیٰ نیلی کے حوالے سے بتایا کہ پرستو احمدی کے ساتھ کوڑوں کی سزا پانے والے چار مردوں کی شناخت سہیل فقیہ نصیری، امین طاہری، امیر علی پیرنیا اور محسن لشکری کے نام سے ہوئی ہے۔

اس سزا پر دیگر ایرانی فنکاروں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے، جن کا کہنا ہے کہ کوڑے مارنا ظالمانہ، غیر انسانی اور تذلیل آمیز سزا ہے اور تشدد کی روک تھام سے متعلق بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

امریکا میں قائم سینٹر فار ہیومن رائٹس ان ایران کی ڈائریکٹر برائے ایڈووکیسی بہار قندہاری نے کہا کہ اپنی مرضی کے مطابق گانے اور لباس پہننے پر پرستو احمدی کو کوڑے مارنا ان کے بنیادی حقوق کی صریح خلاف ورزی اور ایرانی حکام کی جانب سے خواتین کی آزادیوں کو دبانے کے عزم کا اظہار ہے۔

ایران کے رائج قوانین کے تحت بلوغت کی عمر کو پہنچنے والی خواتین اور لڑکیوں کے لیے بالوں کو حجاب سے ڈھانپنا اور ڈھیلا ڈھالا لمبا لباس پہننا لازمی ہے۔

More

Comments
1000 characters