موٹر سائیکل یا اسکوٹر پر سفر کرتے ہوئے اکثر لوگ سر کی چوٹ سے بچنے کے لیے ہیلمٹ تو پہن لیتے ہیں، لیکن اپنی آنکھوں کو درپیش خطرات سے غافل رہتے ہیں۔ ماہرینِ امراضِ چشم کا کہنا ہے کہ آنکھوں کی معمولی لاپرواہی بھی آگے چل کر بڑی تکلیف یا مہنگے علاج کا سبب بن سکتی ہے۔

چاہے روزانہ دفتر کا آنا جانا ہو یا ہفتے کے آخر میں کوئی لمبا سفر، سڑک پر اڑتی دھول، گاڑیوں کا دھواں، تعمیراتی کام کے ذرات اور تیز ہوائیں آنکھوں کو شدید متاثر کر سکتی ہیں۔

آنکھوں کے امراض کے ماہرین کے مطابق، بغیر کسی حفاظتی رکاوٹ کےموٹر سائیکل چلانا، بالخصوص بڑے اور مصروف شہروں میں آنکھوں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔

مسلسل تیز ہواؤں اور دھوئیں کے سامنے رہنے سے آنکھوں کی قدرتی نمی خشک ہونے لگتی ہے، جس کے نتیجے میں جلن، خشکی یا چبھن، سرخی اور نظر دھندلانے جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

مزید برآں، رفتار کے دوران ہوا میں معلق کوئی ننھا سا ذرہ یا کنکر اگر تیزی سے آنکھ سے ٹکرا جائے تو اس سے قرنیہ (کارنیا) پر خراش آ سکتی ہے۔ بعض اوقات صورتحال انفیکشن یا سنگین زخم تک پہنچ جاتی ہے، جس کے لیے فوری طبی امداد یا ہنگامی سرجری کی نوبت بھی آ سکتی ہے۔

آنکھوں کو محفوظ رکھنے کے مؤثر طریقے

معیاری ہیلمٹ اور صاف ویزر کا استعمال

موٹر سائیکل چلاتے وقت ایسا معیاری ہیلمٹ پہنیں جس کا ویزر آنکھوں کو مکمل طور پر ڈھانپ سکے۔ اس سے گردوغبار، کیڑوں اور ہوا میں موجود چھوٹے ذرات کو آنکھوں تک پہنچنے سے روکنے میں مدد ملتی ہے۔

تیز دھوپ میں مناسب سن ویزر استعمال کیا جاسکتا ہے، جبکہ بدلتے موسم میں فوٹو کرومک ویزر بھی ایک انتخاب ہے۔ بارش اور نمی کے دوران دھند سے بچاؤ والا اینٹی فوگ ویزر دیکھنے میں آسانی پیدا کرسکتا ہے۔

خراب یا خراش زدہ ویزر تبدیل کردیں

ہیلمٹ کا ویزر اگر پرانا، دھندلا یا خراشوں سے بھرا ہوا ہو تو اسے نظر انداز نہ کریں۔ ایسا ویزر سڑک پر موجود چیزوں کو واضح دیکھنے میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔ رات کے وقت سامنے سے آنے والی گاڑیوں کی تیز روشنی اس مسئلے کو مزید بڑھا سکتی ہے، جس سے حادثے کا خطرہ پیدا ہوتا ہے۔ اس لیے ویزر کی صفائی اور حالت باقاعدگی سے چیک کرنا ضروری ہے۔

مناسب رنگ کے چشموں کا انتخاب

موٹر سائیکل چلاتے ہوئے اگر آپ دھوپ کا چشمہ استعمال کرتے ہیں تو اس کے لینس کا رنگ بھی اہم ہے۔ تیز دھوپ میں گرے لینس، بدلتے دن کے اجالے میں عنبر یا ہلکے بھورے لینس اور کم روشنی میں پیلے لینس بہتر کارکردگی دے سکتے ہیں، تاہم رات کے وقت ایسے رنگدار چشموں سے بچنا چاہیے جو روشنی کو کم کر دیں۔

پیلی رنگت والے لینز بعض افراد کو کم روشنی میں چیزیں دیکھنے میں مدد دیتے ہیں، تاہم رات کے وقت ایسے چشموں سے گریز کرنا چاہیے جو روشنی کو کم کردیتے ہیں۔ یاد رکھیں کہ چشمہ ہیلمٹ کے ویزر کا متبادل نہیں ہے۔

پولرائزڈ اور فوٹو کرومک لینز بھی مفید ہوسکتے ہیں

دھوپ میں سڑک، گاڑیوں کے شیشوں اور دیگر چمکدار سطحوں سے منعکس ہونے والی روشنی آنکھوں کو پریشان کرسکتی ہے۔ پولرائزڈ چشمے اس چمک کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں، جس سے سامنے کا منظر دیکھنا نسبتاً آسان ہوجاتا ہے۔

اسی طرح فوٹو کرومک لینز روشنی کی شدت کے مطابق اپنی رنگت تبدیل کرتے ہیں۔ تیز دھوپ میں یہ گہرے اور کم روشنی میں نسبتاً ہلکے ہوجاتے ہیں۔ تاہم رات کے سفر کے دوران ان کی روشنی کم کرنے والی خصوصیات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

آنکھ میں دھول یا کوئی ذرہ چلا جائے تو کیا کریں؟

تمام احتیاطی تدابیر کے باوجود کبھی کبھار کوئی ذرہ آنکھ میں داخل ہوسکتا ہے۔ ایسی صورت میں گھبراہٹ کے بجائے سب سے پہلے محفوظ جگہ پر رکیں اور آنکھ کو صاف پانی یا جراثیم سے پاک نمکین محلول (سالین) سے آہستگی سے دھوئیں۔

آنکھ کو ہاتھ سے رگڑنے یا کسی چیز کی مدد سے ذرہ نکالنے کی کوشش نہ کریں، کیونکہ اس سے قرنیے کو خراش پہنچ سکتی ہے۔ اگر دھونے کے باوجود درد، سرخی، جلن یا دھندلا دکھائی دینے کی شکایت برقرار رہے تو فوری طور پر ماہرِ چشم سے معائنہ کروائیں۔

اگر کوئی چیز آنکھ میں دھنس گئی ہو تو اسے خود نکالنے کی کوشش نہ کریں اور فوری طبی امداد حاصل کریں۔

ماہرین کے مطابق محفوظ سفر کے لیے صرف ہیلمٹ پہن لینا کافی نہیں، بلکہ آنکھوں کو بھی بیرونی اثرات سے بچانا ضروری ہے۔ موٹر سائیکل چلانے سے پہلے ہیلمٹ، ویزر اور چشمے کی حالت چیک کرنے کی عادت اپنائیں۔ اس کے ساتھ رات کے وقت صاف و شفاف ویزر استعمال کریں اور دورانِ سفر بینائی متاثر ہونے کی صورت میں موٹر سائیکل چلانے سے گریز کریں۔

معمولی سی احتیاط نہ صرف آنکھوں کو تکلیف اور ممکنہ چوٹ سے بچا سکتی ہے بلکہ سڑک پر سفر کو بھی زیادہ محفوظ بنا سکتی ہے۔

More

Comments
1000 characters