سردیوں کے موسم میں میتھی کے پراٹھے شوق سے کھائے جاتے ہیں، لیکن بعض اوقات تازہ میتھی کی قدرتی کڑواہٹ پراٹھوں کے ذائقے کو خراب کر دیتی ہے۔

عموماً گھروں میں اس کڑواہٹ کو کم کرنے کے لیے اضافی مصالحے یا دیگر اجزا شامل کیے جاتے ہیں، تاہم باورچی خانے کا ایک نہایت سادہ طریقہ اپنا کر میتھی کی کڑواہٹ کو آسانی سے کم کیا جا سکتا ہے اور پراٹھے کا اصل ذائقہ اور خوشبو بھی برقرار رہتی ہے۔

تازہ میتھی کے پتوں میں قدرتی طور پر ایسے اجزا پائے جاتے ہیں جو اسے مخصوص خوشبو اور ذائقہ دیتے ہیں، لیکن جب پتے زیادہ پک جائیں یا ان کی مقدار زیادہ ہو تو ان کی کڑواہٹ بڑھ جاتی ہے۔

اس مسئلے کے حل کے لیے آٹا گوندھنے یا پراٹھے کا مصالحہ تیار کرنے سے قبل میتھی کے پتوں پر تھوڑا سا نمک چھڑکنا انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے۔

نمک لگانے سے میتھی کے پتوں میں موجود اضافی نمی باہر نکل آتی ہے اور اس پانی کے ساتھ کڑواہٹ پیدا کرنے والے اجزا بھی خارج ہو جاتے ہیں۔

اس طریقے پر عمل کرنے کے لیے سب سے پہلے میتھی کے پتوں کو موٹی ڈنڈیوں سے الگ کر کے اچھی طرح دھو لیں تاکہ ان پر موجود مٹی اور گردوغبار صاف ہوجائے۔ اس کے بعد پتوں کو باریک کاٹ کر ایک پیالے میں ڈالیں اور ان پر ہلکا سا نمک چھڑک کر اچھی طرح مکس کر لیں۔

پتوں کو پندرہ سے بیس منٹ کے لیے اسی طرح چھوڑ دیں۔ کچھ دیر بعد آپ دیکھیں گے کہ میتھی کے پتوں سے پانی نکل آیا ہے۔

اس کے بعد پتوں کو ہاتھوں سے اچھی طرح دبا کر نچوڑ لیں اور نکلنے والے کڑوے پانی کو ضائع کر دیں، جس کے بعد ان پتوں کو آٹے یا پراٹھے کے مصالحے میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

اس عمل کے دوران چند احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ میتھی کے پتوں پر نمک چھڑکتے وقت اس کی مقدار کا خاص خیال رکھیں، کیونکہ پراٹھے کے آٹے یا بھرائی میں بھی نمک شامل کیا جاتا ہے۔ اگر ابتدا ہی میں زیادہ نمک ڈال دیا جائے تو پراٹھے ضرورت سے زیادہ نمکین ہوسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ پتوں کو نچوڑنے کا مرحلہ ہرگز نہ چھوڑیں اور نکلنے والے پانی کو دوبارہ آٹے میں استعمال کرنے کے بجائے پھینک دیں کیونکہ اس میں کڑواہٹ والے اجزا شامل ہوسکتے ہیں۔

نچوڑنے کے فوراً بعد پتوں کو استعمال میں لانا بہتر ہوتا ہے۔ میتھی کو زیادہ دیر رکھنے کے بجائے جلد پراٹھے کے آٹے یا فلنگ میں شامل کرلیں۔

یہ آسان طریقہ صرف میتھی کے پراٹھوں ہی نہیں بلکہ میتھی سےبننے والے دیگر پکوانوں کی تیاری میں بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

اس طرح میتھی کی قدرتی خوشبو اور ذائقہ برقرار رکھتے ہوئے اس کی زیادہ کڑواہٹ کو کم کیا جاسکتا ہے۔

More

Comments
1000 characters