شاہ رخ کی نجی ویڈیو لیک کرنے پر سوشل میڈیا انفلوئنسر مشکل میں پھنس گیا
بولی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر کو انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو کے حوالے سے قانونی نوٹس ارسال کیا ہے۔
اس ویڈیو میں شاہ رخ خان اور اننت امبانی کے درمیان ہونے والی گفتگو کو دکھاتے ہوئے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ اداکار کو خاموش رہنے کے لیے کہا گیا تھا۔ شاہ رخ خان کی قانونی ٹیم نے ان الزامات کو بے بنیاد، گمراہ کن اور ہتک آمیز قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوویگیا شرما نامی سوشل میڈیا صارف کی جانب سے پوسٹ کی گئی اس انسٹاگرام ریل میں اننت امبانی کی سادھ گرو کے ساتھ گفتگو اور شاہ رخ خان کے ساتھ بات چیت کے الگ الگ کلپس شامل تھے۔
ویڈیو کے ساتھ لگائے گئے کیپشن میں یہ تاثر دیا گیا کہ گفتگو کے دوران شاہ رخ خان کو چپ رہنے کو کہا گیا۔ یہ مختصر کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا اور اس حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جانے لگیں۔
23 نومبر کو جاری کیے گئے قانونی نوٹس میں شاہ رخ خان کی قانونی ٹیم نے اس مواد کو شرارت پر مبنی، گمراہ کن اور شہرت کو نقصان پہنچانے والا قرار دیا ہے۔
نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ویڈیو کے ساتھ لکھا گیا کیپشن جان بوجھ کر اصل سیاق و سباق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے اور اداکار کی ساکھ کو مجروح کرنے کی نیت سے تیار کیا گیا ہے۔
قانونی ٹیم کا کہنا ہے کہ بغیر کسی ثبوت کے اس طرح کے جھوٹے دعوے پھیلانے سے اداکار کی عوامی ساکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
نوٹس کے مطابق انفلوئنسر کو 48 گھنٹوں کے اندر متنازع ویڈیو انسٹاگرام سے ہٹانے، اس سے متعلق تمام گمراہ کن کیپشنز اور بیانات حذف یا درست کرنے اور آئندہ اس دعوے کو مزید پھیلانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ انہیں اصل ویڈیو اور اس کی اشاعت سے متعلق تمام ریکارڈ محفوظ رکھنے اور قانونی مطالبات پر عمل درآمد کی تحریری تصدیق فراہم کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔
دوسری جانب قانونی نوٹس موصول ہونے کے بعد متعلقہ سوشل میڈیا انفلوئنسر نے ایک اور ویڈیو جاری کرتے ہوئے شاہ رخ خان کے اعتراض پر جوابی مؤقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ویڈیو میں کیے گئے تبصرے آزادیِ اظہار رائے کے دائرے میں آتے ہیں۔
انفلوئنسر نے سوال اٹھایا کہ مبینہ طور پر جس شخص نے شاہ رخ خان کو خاموش رہنے کا کہا، کیا اس نے اداکار کی توہین نہیں کی، یا پھر اداکار میں یہ کہنے کی ہمت نہیں کہ ان کی توہین ہوئی ہے، جبکہ بظاہر یہ کہا جا رہا ہے کہ ہم نے ان کی توہین کی ہے۔
واضح رہے کہ دونوں شخصیات کی اس مختصر ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر گردش کر رہی ہے، جس پر شاہ رخ خان کی قانونی ٹیم نے واضح کیا ہے کہ اس ملاقات کو جس انداز میں پیش کیا گیا ہے وہ حقیقت کے برعکس اور ہتکِ عزت کے زمرے میں آتا ہے۔
























