بولی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار ویسے تو بڑے بڑے خطروں سے کھیل جاتے ہیں، لیکن اپنی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ کے تیکھے جملوں کے سامنے ان کی بھی بولتی بند ہو جاتی ہے۔

کچھ ایسا ہی دلچسپ نظارہ مشہور ٹاک شو کافی ود کرن کے نئے سیزن میں دیکھنے کو ملا، جہاں ایک اچانک فون کال پر ٹوئنکل کھنہ نے اکشے کمار کی ایسی مزاحیہ درگت بنائی کہ پورا سیٹ قہقہوں سے گونج اٹھا۔

ہوا کچھ یوں کہ شو کے میزبان کرن جوہر کے سامنے اکشے کمار اور بھوجپوری سپر اسٹار روی کشن بیٹھے گپ شپ کر رہے تھے کہ اکشے نے گھر فون ملایا اور ٹوئنکل کھنہ کو اسپیکر پر لے لیا۔ بس پھر کیا تھا، ٹوئنکل نے شکوؤں کا پٹارا کھول دیا۔

انہوں نے شوہر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ پچھلی رات بمشکل سو پائی تھیں، لیکن اکشے نے صبح چھ بجے ہی بھجن بجا کر ان کی نیند خراب کر دی۔

ٹوئنکل نے کہا کہ بھلا صبح چھ بجے کون بھجن چلاتا ہے، اور اوپر سے آپ خود بھی اتنی اونچی آواز میں گا رہے تھے جیسے خود کو مشہور گلوکار انوپ جلوٹا سمجھ بیٹھے ہوں۔

بات یہیں ختم نہیں ہوئی، ٹوئنکل نے سب کے سامنے اکشے کو یہ نصیحت بھی کر ڈالی کہ کم از کم باتھ روم کا دروازہ تو ٹھیک سے بند کر لیا کریں۔

جب ٹوئنکل نے پوچھا کہ وہ اس وقت کہاں ہیں تو اکشے نے بتایا کہ وہ کافی ود کرن کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔ اس پر ٹوئنکل نے انکشاف کیا کہ کرن جوہر نے انہیں بھی اس قسط کے ریپڈ فائر راؤنڈ کی جج بننے کی پیشکش کی تھی، مگر انہیں یہ علم نہیں تھا کہ شوٹنگ آج ہی ہے۔

جب انہیں پتہ چلا کہ اکشے یہ شو بغیر کسی معاوضے کے کر رہے ہیں تو ٹوئنکل نے مصنوعی حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ سن کر دنگ رہ گئی ہیں کہ اکشے مفت میں کام کر رہے ہیں۔ یہ سن کر میزبان کرن جوہر بھی میدان میں کود پڑے اور ہنستے ہوئے بولے کہ کیا آپ کو ہر بات کے پیسے چاہئیں۔

More

Comments
1000 characters