بھارتی شہر بنگلور میں پاکستانی ڈرامے ’درِ نجات‘ کی خصوصی نمائش کے لیے منعقد کیے جانے والے دو پروگرام سوشل میڈیا پر شدید تنقید کے بعد منسوخ کردیے گئے۔

پولیس کے مطابق دونوں تقریبات کے منتظمین نے خود ہی پروگرام منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے ان پروگراموں کے انعقاد کے لیے کسی قسم کی باقاعدہ اجازت بھی حاصل نہیں کی گئی تھی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پاکستانی ڈرامے کی نمائش کے لیے 28 نومبر اور 5 دسمبر کی تاریخیں مقرر کی گئی تھیں۔

ان پروگراموں کے اعلانات سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد بعض صارفین نے اعتراضات اٹھائے اور پولیس سے کارروائی کا مطالبہ کیا، جس کے بعد معاملہ توجہ کا مرکز بن گیا۔

پہلی تقریب 28 نومبر کو بنگلورو کے علاقے فریزر ٹاؤن میں واقع ایک ریسٹورنٹ میں منعقد کی جانی تھی۔ اسے ڈرامے کے مداحوں کی خصوصی نشست اور واچ پارٹی کا نام دیا گیا تھا، جہاں ہلکی پھلکی ضیافت کے ساتھ ایرانی اور عربی کھانوں کا عشائیہ بھی شامل تھا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی معلومات کے مطابق اس تقریب میں شرکت کے لیے فی کس 1999 بھارتی روپے (تقریباً 5,980 پاکستانی روپے) فیس مقرر کی گئی تھی۔

دوسری تقریب 5 دسمبر کو بنگلور کے ایک نجی تھیٹر میں منعقد ہونا تھی، جس کے لیے بکنگ کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔ اس تقریب کے دعوت نامے میں شرکا کے لیے پاکستانی طرز کا لباس پہننا لازمی قرار دیا گیا تھا۔

ان اعلانات کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف صارفین نے پاکستانی ڈرامے کی نمائش اور پاکستانی ثقافت سے متعلق تقریب کے انعقاد پر اعتراض کیا۔ بڑھتی ہوئی تنقید کے بعد منتظمین نے دونوں پروگرام منسوخ کردیے۔

’درِ نجات‘ ایک روحانی اور رومانوی موضوع پر مبنی پاکستانی ڈراما ہے، جس کی ہدایت کاری ثاقب خان نے کی ہے۔ اس میں شہریار منور نے ابوبکر کا مرکزی کردار ادا کیا ہے، جسے ناظرین کی جانب سے خاصی پذیرائی ملی۔

ڈرامے کی کہانی زریاب نامی لڑکی کے گرد گھومتی ہے، جو اپنے بچپن کے دوست زامل سے محبت کرتی ہے۔ ہارورڈ یونیورسٹی میں داخلہ ملنے کے بعد وہ اس رشتے کی خاطر اپنا تعلیمی موقع قربان کرنے پر غور کرتی ہے،، تاہم زامل اسے چھوڑ کر کسی دوسری لڑکی سے شادی کرلیتا ہے۔

اس واقعے کے بعد زریاب جذباتی مشکلات کا شکار ہوجاتی ہے اور اس کی زندگی میں ابوبکر کا کردار اہمیت اختیار کرلیتا ہے، جو زامل سے مختلف مذہبی سوچ اور اصولوں پر یقین رکھنے والا شخص ہے۔

یہ ڈرامہ زریاب کے رشتے کے نتائج اور کرداروں کی زندگیوں پر مذہبی عقائد و سماجی توقعات کے اثرات کو اجاگر کرتا ہے۔

’درنجات‘ اگست میں پاکستانی او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر نشر ہونا شروع ہوا تھا۔ رپورٹ کے مطابق اکتوبر تک اس کی 23 اقساط نشر ہوچکی تھیں اور سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر اسے ایک ارب 70 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا تھا۔

More

Comments
1000 characters