گھر میں روزمرہ استعمال ہونے والی اشیائے خورونوش خریدتے وقت اکثر لوگ اس بات پر توجہ نہیں دیتے کہ ان کی پیکنگ کس قسم کی ہے، حالانکہ کھانے پینے کی چیزوں کو زیادہ دیر تک تازہ رکھنے اور ضائع ہونے سے بچانے میں پیکنگ کا اہم کردار ہے۔
بعض چیزوں کے لیے دوبارہ بند ہونے والے پیکٹ بہتر ہوتے ہیں، کچھ کے لیے ری فل پیک مفید رہتے ہیں، جبکہ بعض اشیا کو چھوٹے، ایک بار استعمال ہونے والے پیکٹس میں محفوظ رکھنا زیادہ آسان ہوتا ہے۔
کوئی ایک قسم کی پیکنگ ہر ضرورت کو پورا نہیں کر سکتی۔ مناسب پیکنگ کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ چیز کیا ہے، اسے کس طرح استعمال کیا جانا ہے اور اسے محفوظ رکھنے کے لیے کیا ضروری ہے۔
دوبارہ بند ہونے والے پاؤچ کب استعمال کریں؟
گر آپ چپس کا پیکٹ کھول کر اوپر سے موڑ دیتے ہیں تو اگلے دن تک وہ نرم پڑ سکتے ہیں۔ ایسی صورت میں زپ یا دوبارہ بند ہونے والے پاؤچز بہت کارآمد ثابت ہوتے ہیں۔
اسنیکس، خشک میوہ جات، سیریلز اور پالتو جانوروں کے کھانے کے لیے یہ پاؤچز موزوں ہیں۔ ان کی مدد سے ضرورت کے مطابق چیز نکالی جا سکتی ہے اور باقی حصے کو دوبارہ بند کر کے ہوا، نمی اور دیگر آلودگی سے بچایا جا سکتا ہے۔
مصروف طرز زندگی رکھنے والے افراد کے لیے یہ پیکنگ کسی چیز کو طویل عرصے تک تھوڑا تھوڑا کر کے استعمال کرنے میں آسان بناتی ہے۔
اس طرح ایک ہی پیکٹ کو کئی دن تک استعمال کرنا آسان ہوجاتا ہے اور کھانے کی چیزیں جلد خراب ہونے سے بھی بچ سکتی ہیں۔
ری فل پیک خریدنا کب فائدہ مند ہے؟
ری فل پیک ان لوگوں کے لیے مفید ہوتے ہیں جو کافی، چائے یا دیگر اشیا کو پہلے سے موجود ڈبوں میں محفوظ رکھتے ہیں۔
مثال کے طور پر اگر گھر میں کافی کا ڈبہ موجود ہے اور اس میں کافی ختم ہونے والی ہے تو نیا ڈبہ خریدنے کے بجائے ری فل پاؤچ خریدا جاسکتا ہے۔ اس سے پہلے سے موجود ڈبہ دوبارہ استعمال ہوجاتا ہے اور ہر مرتبہ نیا سخت پلاسٹک یا دوسرا بڑا پیکج خریدنے کی ضرورت نہیں رہتی۔
ماہرین کے مطابق ری فل پیک میں اکثر نئے ڈبے یا کنٹینر کے مقابلے میں پیکنگ کا کم مواد استعمال ہوتا ہے، جس سے کچرے میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔
تاہم اس کا فائدہ اس بات پر بھی منحصر ہے کہ صارف پرانا ڈبہ کتنی بار استعمال کرتا ہے اور خالی ری فل پاؤچ کو ری سائیکل کرنے کی سہولت دستیاب ہے یا نہیں۔
ایک بار استعمال ہونے والی پیکنگ کب بہتر ہے؟
اگر آپ سفر پر جارہے ہیں یا کھانے کے ساتھ کیچپ، چٹنی یا کسی دوسری چیز کی تھوڑی مقدار درکار ہے تو چھوٹے ساشے زیادہ آسان رہتے ہیں۔ ان کی مدد سے ضرورت کے مطابق مقدار استعمال کی جاسکتی ہے اور پوری بوتل ساتھ لے جانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
ایک بار استعمال ہونے والی پیکنگ بھی کئی صورتوں میں اہم ہے، خاص طور پر جہاں کھانے کی حفاظت، مناسب مقدار، آسانی سے ساتھ لے جانے اور زیادہ دیر تک محفوظ رکھنے کی ضرورت ہو۔
دودھ سے بنی اشیا اور فوری کھانے کے لیے بھی ایسی پیکنگ ضروری ہوسکتی ہے جو دکان سے گھر تک پہنچنے کے دوران خوراک کو محفوظ رکھے۔
اگر پیکنگ کم کرنے کی کوشش میں کھانے کی چیز جلد خراب ہونے لگے تو یہ بھی نقصان دہ ہے، کیونکہ ایسی صورت میں نہ صرف پیکنگ بلکہ اس کے اندر موجود خوراک بھی ضائع ہوجاتی ہے۔
گروسری خریدتے وقت صرف پیکٹ کی قیمت یا اس کے سائز کو دیکھنا کافی نہیں، بلکہ یہ بھی سمجھنا ضروری ہے کہ اس میں موجود چیز کو کس طرح اور کتنی دیر تک استعمال کرنا ہے۔
ماہرین کے مطابق اچھی پیکنگ کا مقصد صرف خوراک کو محفوظ رکھنا نہیں بلکہ اسے ضائع ہونے سے بچانا اور غیر ضروری پیکنگ کے استعمال میں کمی لانا بھی ہے۔ اس لیے خریداری کے دوران اپنی ضرورت اور خوراک کی نوعیت کو سامنے رکھ کر پیکنگ کا انتخاب کرنا زیادہ بہتر ہے۔
























