بولی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور کے تیسرے حمل کی افواہوں نے گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر خوب توجہ حاصل کر رکھی تھی۔ حال ہی میں اداکارہ کی ایک ویڈیو سامنے آئی جس کے بعد بعض سوشل میڈیا صارفین نے ان کے حاملہ ہونے کا اندازہ لگانا شروع کردیا، تاہم اب کرینہ کے قریبی ذرائع نے ان خبروں کی تردید کردی ہے۔

کرینہ کپور کو حال ہی میں جم کے باہر دیکھا گیا، جہاں وہ ورزش کے لباس میں اپنی گاڑی کی جانب جاتی دکھائی دیں۔

اس مختصر ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد کچھ لوگوں نے اداکارہ کے جسمانی وزن میں معمولی تبدیلی کو حمل سے جوڑ دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے ان کے تیسرے حمل کی قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔

کرینہ کپور اور سیف علی خان پہلے ہی دو بیٹوں تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان کے والدین ہیں۔ حال ہی میں دونوں اپنے بچوں کے ساتھ چھٹیاں گزارنے کے بعد ممبئی واپس پہنچے تھے۔ اسی دوران کرینہ کی جم کے باہر موجودگی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی۔

۔

تاہم ان قیاس آرائیوں کے بعد کرینہ کے قریبی ذرائع نے معاملے کی وضاحت کردی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع نے واضح کیا کہ اداکارہ حاملہ نہیں ہیں اور ان کے تیسرے حمل سے متعلق گردش کرنے والی خبریں درست نہیں ہیں۔

قریبی ذرائع کے مطابق کرینہ کے حاملہ ہونے کی بات میں کوئی حقیقت نہیں اور صرف ویڈیو میں نظر آنے والی جسمانی تبدیلی کی بنیاد پر اس طرح کا اندازہ لگانا درست نہیں۔

کرینہ کپور کی ذاتی زندگی پہلے بھی مداحوں کی خاص توجہ کا مرکز رہی ہے۔ اداکارہ نے ماضی میں اپنے خاندان اور بچوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ وہ مزید بچے پیدا کرنے کا ارادہ نہیں رکھتیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے تیسرے حمل کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں میں خاصی دلچسپی پیدا ہوئی۔

کرینہ اور سیف نے 2012 میں شادی کی تھی۔ دونوں کے ہاں دسمبر 2016 میں پہلے بیٹے تیمور کی پیدائش ہوئی، جبکہ فروری 2021 میں ان کے دوسرے بیٹے جہانگیر نے جنم لیا۔

کرینہ کپور اس وقت بھی فلمی دنیا میں سرگرم ہیں اور اپنے کام کے ساتھ ساتھ خاندان اور بچوں کو بھی پوری توجہ دیتی ہیں۔ ان کے دونوں بچوں کی تصاویر اور روزمرہ زندگی سے متعلق خبریں اکثر بھارتی میڈیا میں زیر بحث رہتی ہیں۔

More

Comments
1000 characters