پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے شوبز میں تقریباً 10 سال مکمل کرنے کے بعد مداحوں کو شاندار سرپرائز دیتے ہوئے موسیقی کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔ ان کا پہلا پنجابی ہپ ہاپ ریپ گانا ’پابلو‘ ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا، جبکہ گانے کے آخر میں بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کی اچانک انٹری نے مداحوں کو مزید حیران کر دیا۔
’پابلو‘ کو ہانیہ عامر نے خود لکھا اور کمپوز کیا ہے جو ان کے فنکارانہ سفر کا ایک نیا اور بولڈ انداز ہے۔ گانے کا آغاز نرم پیانو دھن سے ہوتا ہے، جس کے بعد پنجابی ریپ کا انداز سامنے آتا ہے۔
گانے میں ہانیہ نے اپنے ناقدین اور ان لوگوں کو جواب دینے کی کوشش کی ہے جو سوشل میڈیا پر ان کی شخصیت، انداز اور زندگی پر تنقید کرتے رہتے ہیں اور انہیں ’جعلی‘ یا ضرورت سے زیادہ محتاط قرار دیتے ہیں۔
ہانیہ نے گانے کے ذریعے یہ پیغام دیا ہے کہ وہ دوسروں کی باتوں کی پروا کیے بغیر اپنی زندگی خوشی سے گزارنا چاہتی ہیں۔ گانے کے بول میں بھی ناقدین کو اسی انداز میں جواب دیا گیا ہے کہ وہ خوش ہیں جبکہ دوسرے لوگ ان سے جلنے یا بحث کرنے میں مصروف ہیں۔
اس گانے کا سب سے بڑا اور دلچسپ موڑ اس کا آؤٹرو ہے، جس میں بھارتی اداکارہ اور تنازعات کی ملکہ راکھی ساونت کی آواز میں ایک خاص وائس میسج شامل کیا گیا ہے۔
ہانیہ عامر کے اس ڈیبیو گانے اور بالخصوص اس میں راکھی ساونت کی غیر متوقع انٹری نے پاکستان اور بھارت سمیت پوری دنیا کے شوبز حلقوں کو دنگ کر دیا ہے۔
گانے میں شامل اپنے پیغام کے ذریعے راکھی ساونت نے ہانیہ عامر کی کھل کر حمایت کی۔ انہوں نے کہا، ’ہانیہ میری جان، اتنا ٹینشن نہیں لینے کا! تم حور ہو، تمہارے چہرے پر نور ہے، لوگ تمہاری خوبصورتی سے جلتے ہیں۔ تم ایک شیرنی ہو، ڈرنا نہیں ہے کیونکہ جو ڈر گیا سمجھو مر گیا۔ تم ان کا سامنا کرو اور آگے بڑھتی رہو۔‘
اس کے علاوہ راکھی نے سوشل میڈیا پر بھی اس گانے پر اپنی ویڈیوز شیئر کرکے اس کی پرزور حمایت کی ہے۔
ہانیہ کے نئے گانے پر شوبز سے بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔ اداکارہ یمنیٰ خان، ماہرہ خان اور حنا آفریدی نے گانے کے حوالے سے جوش اور حمایت کا اظہار کیا ہے اور ہانیہ کی نئی موسیقی پر دلچسپ انداز میں ردعمل دیا۔
’پابلو‘ کی میوزک ویڈیو بھی ہانیہ عامر نے خود ڈائریکٹ کی ہے، جبکہ محمد محتشم نے ایسوسی ایٹ ڈائریکشن کے ساتھ سینماٹوگرافی، ایڈیٹنگ اور گریڈنگ کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ کومل عباس نے گانا پروڈیوس، مکس اور ماسٹر کیا ہے۔
مداحوں کی جانب سے اس کراس بارڈر کولیابریشن کو انتہائی حیرت انگیز اور منفرد قرار دیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ہانیہ عامر کے اس گانے میں راکھی ساونت کی آواز کا یہ امتزاج ان کی سال کی سب سے بڑی اور یادگار سرپرائز فہرست میں شامل ہو چکا ہے۔
























