ڈکی بھائی اور عروب جتوئی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے ہیں۔ اس بار وجہ عروب جتوئی کا ایک منی وی لاگ ہے، جس میں انہوں نے ایک ہی دن میں ایک کروڑ روپے خرچ کرنے کا چیلنج دکھایا۔ ویڈیو سامنے آتے ہی کچھ صارفین نے جہاں اس پر حیرت کا اظہار کیا، وہیں کئی لوگوں نے اتنی بڑی رقم خرچ کرنے کی نمائش پر تنقید بھی شروع کردی۔

حال ہی میں عروب جتوئی نے ایک منی وی لاگ شیئر کیا، جس میں وہ ایک دن کے اندر ایک کروڑ روپے خرچ کرنے کی کوشش کرتی نظر آئیں۔ اس دوران مہنگے کھانے سے لے کر نیا آئی فون اور قیمتی زیورات تک مختلف چیزیں خریدی گئیں۔

ویڈیو کے آغاز میں عروب جتوئی نے کہا،’ہم نے فیصلہ کیا کہ ایک دن میں ایک کروڑ روپے خرچ کریں گے، دیکھتے ہیں یہ دن کیسے گزرتا ہے۔‘

سب سے پہلے دونوں ایک مہنگے ریسٹورنٹ پہنچے، جہاں مختلف کھانے منگوائے اورکھانا کھایا۔ عروب کے مطابق کھانے کا بل تقریباً 50 ہزار روپے آیا۔

اس کے بعد ڈکی بھائی نے گاڑی خریدنے کا مشورہ دیا لیکن عروب جتوئی نے اسے یہ کہہ کر منع کردیا کہ اس وقت گاڑی خریدنا مناسب فیصلہ نہیں ہوگا۔ اس کے بجائے انہوں نے نیا آئی فون خرید لیا، جس کی قیمت انہوں نے تقریباً 10 لاکھ روپے بتائی۔

چیلنج کا اگلا مرحلہ زیورات کی خریداری تھا۔ عروب جتوئی ایک جیولری اسٹور پہنچیں، جہاں انہوں نے سونے کے مختلف سیٹ اور چوڑیاں خریدیں کیونکہ ان کا ماننا تھا کہ سونا بہترین سرمایہ کاری ہے۔ ان کے مطابق زیورات کی خریداری پر بجٹ کا بڑا حصہ خرچ ہوگیا۔

عروب نے بتایا کہ انہیں خریداری پر ڈسکاؤنٹ بھی ملا، جبکہ جیولرز کی جانب سے سونے کا ایک سیٹ تحفے میں بھی دیا گیا۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر آئی تو صارفین نے بھی اپنی رائے دینے میں دیر نہیں کی۔ کچھ لوگوں نے ایک ہی دن میں ایک کروڑ روپے خرچ کرنے پر حیرت کا اظہار کیا، جبکہ بعض نے اتنے مہنگے اخراجات کو سوشل میڈیا پر دکھانے پر سوال اٹھائے۔

کچھ صارفین نے حالیہ ایف آئی اے معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے بھی تبصرے کیے، جبکہ بعض کا کہنا تھا کہ انہیں ڈکی بھائی اور عروب جتوئی کے اپنی کمائی خرچ کرنے پر کوئی اعتراض نہیں، لیکن اتنی بڑی رقم کے خرچ کو سوشل میڈیا پر نمایاں کرنا انہیں مناسب نہیں لگتا۔

کچھ لوگوں نے یہ بھی سوال کیا کہ جب بہت سے افراد اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھی مشکلات کا سامنا کرتے ہیں تو ایسی مہنگی شاپنگ کی ویڈیوز دیکھ کر انہیں کیسا محسوس ہوتا ہوگا۔

دوسری طرف کچھ صارفین نے اس تنقید سے اتفاق نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر لوگ ایسی ویڈیوز دیکھتے ہیں تو کریئیٹرز کو ویوز اور آمدنی بھی ملتی ہے، اس لیے ہر شخص اپنی پسند کے مطابق ویڈیو دیکھنے یا نظر انداز کرنے کے لیے آزاد ہے۔ بعض صارفین نے ڈکی بھائی پر دولت کی نمائش کا الزام بھی لگایا۔

واضح رہے کہ ڈکی بھائی اور عروب جتوئی پاکستان کے معروف ڈیجیٹل کریئیٹرز میں شامل ہیں۔ ڈکی بھائی کے یوٹیوب چینل پر ایک کروڑ سے زیادہ سبسکرائبرز ہیں، جبکہ دونوں انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور دیگر پلیٹ فارمز پر بھی بڑی فین فالوئنگ رکھتے ہیں۔ دونوں اکثر اپنی روزمرہ زندگی، سفر، شاپنگ اور مختلف سرگرمیوں کی ویڈیوز اپنے فالوورز کے ساتھ شیئر کرتے رہتے ہیں۔

یوں عروب جتوئی کا ایک کروڑ روپے خرچ کرنے کا یہ چیلنج صرف شاپنگ ویڈیو تک محدود نہیں رہا بلکہ سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کا سبب بھی بن گیا ہے کہ مشہور کریئیٹرز کو اپنی مہنگی خریداری اور طرز زندگی کا کتنا حصہ عوام کے ساتھ شیئر کرنا چاہیے۔

More

Comments
1000 characters