اکثر لوگ پھل کھانے سے پہلے ان کا چھلکا اتار دیتے ہیں، کیونکہ انہیں خدشہ ہوتا ہے کہ پھل پر مٹی، جراثیم یا دیگر کیمیائی مادے موجود ہوسکتے ہیں۔ تاہم، پھلوں کا چھلکا اتارنا اکثر ان کی غذائیت کا سب سے بڑا حصہ ضائع کرنے کے مترادف ہے، کیونکہ چھلکوں میں ہی وافر مقدار میں غذائی ریشہ، طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس اور اہم معدنیات پائے جاتے ہیں۔
گر آپ چند سادہ اور موثر صفائی کے طریقوں کو اپنائیں، تو ان غذائیت سے بھرپور چھلکوں کے ساتھ پھلوں سے بھرپور لطف اٹھا سکتے ہیں۔
چھلکا اتارنے سے کیا نقصان ہوسکتا ہے؟
پھل کے چھلکے میں موجود غذائی اجزا بعض اوقات اندر موجود گودے کے مقابلے میں زیادہ مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ خاص طور پر فائبر نظامِ ہاضمہ کو بہتر رکھنے، پیٹ کو زیادہ دیر تک بھرا رکھنے اور مجموعی صحت کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔
تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہر پھل کا چھلکا لازماً کھایا جائے۔ پھل کی قسم، اس کی صفائی، تازگی اور بیرونی سطح کی حالت کو دیکھنا بھی ضروری ہے۔
سیب
سیب کا چھلکا فائبر اور مختلف اینٹی آکسیڈنٹس کا اچھا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ اس میں وٹامن اے، سی اور کے سمیت پودوں سے حاصل ہونے والے مفید مرکبات بھی موجود ہوتے ہیں۔
سیب کو چھلکے سمیت کھانے سے پہلے اسے بہتے ہوئے صاف پانی کے نیچے اچھی طرح رگڑ کر دھونا چاہیے۔ اگر چاہیں تو بیکنگ سوڈا اور پانی کے محلول میں کچھ دیر رکھنے کے بعد دوبارہ صاف پانی سے دھو سکتے ہیں۔
ناشپاتی
ناشپاتی کا چھلکا بھی فائبر اور فلیونوئڈز سمیت کئی نباتاتی مرکبات فراہم کرتا ہے۔ اسے کھانے سے پہلے ہاتھ یا صاف سبزیوں والے برش سے آہستہ آہستہ رگڑ کر بہتے پانی میں دھونا بہتر ہے۔
کچھ لوگ سرکے اور پانی کے ہلکے محلول میں اسے چند منٹ رکھنے کا طریقہ بھی استعمال کرتے ہیں، تاہم آخر میں پھل کو صاف پانی سے اچھی طرح دھونا ضروری ہے۔
آلو بخارا
آلو بخارے کی چمکدار بیرونی تہہ میں اینٹی آکسیڈنٹس اور مختلف غذائی اجزا پائے جاتے ہیں۔ اگر اسے چھلکے سمیت کھانا ہو تو پہلے اسے صاف پانی سے اچھی طرح دھوئیں۔
انہیں چند منٹ کے لیے نمک والے پانی میں ڈبو دیں اور پھر ٹھنڈے بہتے پانی کے نیچے اچھی طرح دھو لیں۔
کیوی
اگرچہ کیوی کی جلد ہلکی سی روئیں دار ہوتی ہے، لیکن یہ مکمل طور پر کھانے کے قابل ہے اور اس میں سبز گودے کے مقابلے میں کہیں زیادہ فائبر اور وٹامن سی و ای پائے جاتے ہیں۔
ایک صاف کپڑے کی مدد سے کیوی کو بہتے پانی کے نیچے ہلکا سا رگڑیں تاکہ اس کی تمام کھردراپن اور روئیں ختم ہو جائیں۔
چیکو
چیکو کا چھلکا ہاضمے کے لیے مفید فائبر اور ایسے اہم اینٹی آکسیڈنٹس سے مالا مال ہے جو جسم کے قدرتی مدافعتی نظام کو طاقتور بناتے ہیں۔
بہتے پانی کے نیچے انگلیوں کی مدد سے اس کی بیرونی سطح کو نرمی سے رگڑیں، یا کھانے سے 10 منٹ پہلے ہلکے نمکین پانی میں بھگو دیں۔
آڑو
آڑو کا چھلکا آنکھوں کی صحت کے لیے مفید بیٹا کیروٹین اور خلیات کی حفاظت کرنے والے اینٹی آکسیڈنٹس کا خزانہ ہے۔
آڑو کو چھلکے سمیت کھانے سے پہلے اسے صاف پانی سے اچھی طرح دھونا چاہیے تاکہ سطح پر موجود مٹی اور دیگر آلودگی دور ہوسکے۔
امرود
امرود ان پھلوں میں شامل ہے جنہیں عام طور پر چھلکے سمیت کھایا جاتا ہے۔ اس کا چھلکا فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس فراہم کرتا ہے، جو کہ جسم میں دائمی سوزش ْکے خلاف مزاحمت کرتے ہیں جبکہ پورا پھل کھانے سے غذائیت کا زیادہ حصہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔
امرود کو کھانے سے پہلے بہتے ہوئے پانی میں اچھی طرح دھوئیں اور اگر ضرورت ہو تو نرم برش سے بیرونی سطح صاف کریں۔
کھیرا
اگرچہ کھیرا تکنیکی طور پر پھل شمار ہوتا ہے، لیکن اسے عام طور پر سبزی کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کا چھلکا فائبر، وٹامن کے اور دیگر مفید مرکبات فراہم کرسکتا ہے۔
کھیرا چھلکے سمیت کھانا ہو تو اسے صاف پانی کے نیچے اچھی طرح دھونا چاہیے۔ نرم سبزیوں والے برش سے بیرونی سطح صاف کی جاسکتی ہے، خاص طور پر جب کھیرا مٹی یا موم کی تہہ سے ڈھکا ہوا محسوس ہو۔
پھلوں کی بیرونی سطح پر مٹی، جراثیم اور دیگر آلودگی موجود ہوسکتی ہے، اس لیے انہیں کھانے سے پہلے اچھی طرح دھونا ضروری ہے۔ صرف پانی میں چند سیکنڈ ڈالنا کافی نہیں، بلکہ ہاتھ یا صاف برش سے سطح کو آہستہ آہستہ صاف کرنا زیادہ مؤثر طریقہ ہوسکتا ہے۔
بیکنگ سوڈا، نمک یا سرکے کے محلول کو بعض لوگ اضافی صفائی کے لیے استعمال کرتے ہیں، لیکن ایسے محلول کے بعد پھل کو صاف بہتے پانی سے اچھی طرح دھونا ضروری ہے۔ پھل دھونے کے لیے صابن یا ڈٹرجنٹ استعمال نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ یہ کھانے کے لیے تیار نہیں ہوتے۔
کن باتوں کا خیال رکھیں؟
اگر پھل کی سطح پر واضح سڑن، پھپھوندی، گہری خرابی یا غیر معمولی بو ہو تو صرف دھونا کافی نہیں۔ ایسے پھل کو کھانے سے گریز کرنا بہتر ہے۔ اسی طرح کٹے ہوئے یا پہلے سے چھلے ہوئے پھلوں کو صاف رکھنے اور مناسب درجہ حرارت پر محفوظ کرنے کا خیال رکھنا چاہیے۔
ماہرین کے مطابق پھل چھلکے سمیت کھانے کا فیصلہ پھل کی قسم، اس کی صفائی اور فرد کی اپنی برداشت کو دیکھتے ہوئے کیا جاسکتا ہے۔ اگر کسی شخص کو کسی خاص پھل سے الرجی یا ہاضمے کی شکایت ہوتی ہے تو اسے احتیاط کرنی چاہیے۔
صحت مند غذا میں پھل اہم مقام رکھتے ہیں، لیکن انہیں محفوظ طریقے سے کھانا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ اچھی طرح دھلے ہوئے اور تازہ پھل استعمال کرنے سے غذائیت کے ساتھ صفائی کا بھی خیال رکھا جاسکتا ہے۔
























