کیا آپ کو بھی دن بھر بار بار چپس، نمکین اور پکوڑے جیسی چیزیں کھانے کی لت ہے؟ اگر ہاں، تو آپ اکیلے نہیں ہیں۔ اکثر لوگوں کو میٹھے کے ساتھ ساتھ نمکین اور مسالےدار غذائیں کھانے کی سخت طلب محسوس ہوتی ہے۔ غیر صحت بخش پیکڈ اسنیکس کا بے دریغ استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
میٹھا کھانے کی خواہش کے بارے میں تو اکثر بات کی جاتی ہے، لیکن بہت سے افراد کو نمکین اور لذیذ کھانے بھی بار بار اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ مسئلہ اس وقت بڑھ سکتا ہے جب چپس، نمکو اور دیگر پیک شدہ اسنیکس روزمرہ خوراک کا مستقل حصہ بن جائیں۔
ماہرینِ غذائیت کے مطابق اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے چند نہایت آسان اور کارآمد طریقے اپنائے جا سکتے ہیں۔
خواہش ہو تو پہلے پانی پیئیں
جب بھی ایسی طلب اٹھے، تو فوراً چپس کا پیکٹ کھول کر کھانے کے بجائے سب سے پہلے خود کو پرسکون کریں اور یہ سوچیں کہ کیا واقعی بھوک لگی ہے یا جسم کو پانی کی کمی کا سامنا ہے۔
نمکین اسنیک کا پیکٹ کھولنے سے پہلے ایک گلاس پانی پینا ایک آسان قدم ہوسکتا ہے۔ بعض اوقات پیاس کو بھی انسان بھوک سمجھ لیتا ہے، جس کے نتیجے میں ضرورت سے زیادہ کھانا شروع کردیتا ہے۔
اس لیے دن بھر مناسب مقدار میں پانی پینا ضروری ہے۔ اگر پانی پینے کے کچھ دیر بعد بھی بھوک محسوس ہو تو پھر متوازن اور مناسب غذا لینے پر توجہ دی جاسکتی ہے۔
بادیان کا پانی
دوسرا بہترین طریقہ بادیان کا پانی استعمال کرنا ہے۔ ایک جگ پانی میں بادیان شامل کر کے اسے کچھ دیر رکھنے کے بعد پورا دن پیا جائے۔ بادیان میں پوٹاشیم وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جو جسم کے اندرونی الیکٹرولائٹ توازن کو درست رکھتا ہے۔ اس میں سوڈیم نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے لیکن اس کا خاص ذائقہ اور خوشبو نمک کی طلب کو قدرتی طور پر پورا کر دیتی ہے جس سے الگ سے نمک کھانے کی ضرورت نہیں رہتی۔
زبان پر نمک رکھ لیا جائے
تیسرا اور انوکھا ٹوٹکا یہ ہے کہ ہفتے میں دو سے تین بار معمولی سی مقدار میں نمک اپنی زبان پر رکھا جائے۔ چاہے عام ٹیبل سالٹ ہو یا گلابی نمک، اس کی ایک چٹکی زبان پر رکھنے سے یہ جسم میں فوراً گھل جاتا ہے اور سوڈیم کی فوری کمی کو پورا کر دیتا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اس سادہ سے عمل سے نمکین ناشتے کی شدید خواہش بہت جلد ختم ہو جاتی ہے۔
زیادہ نمک کھانے سے بلڈ پریشر بڑھنے اور دل و گردوں سے متعلق مسائل کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، اس لیے نمک کو براہ راست زبان پر رکھنے یا اضافی مقدار استعمال کرنے کو معمول بنانا مناسب نہیں۔ اگر کسی شخص کو مسلسل نمکین چیزیں کھانے کی شدید خواہش رہتی ہے، خاص طور پر اس کے ساتھ کمزوری، چکر، غیر معمولی پیاس یا دیگر علامات بھی ہوں، تو ڈاکٹر یا ماہر غذائیت سے مشورہ کرنا بہتر ہے۔
چپس کے بجائے صحت مند متبادل
نمکین چیز کھانے کا دل کرے تو ہر بار پیک شدہ چپس یا نمکو لینا ضروری نہیں۔ بھنے ہوئے چنے، بغیر زیادہ نمک کے مکھانے، سادہ پاپ کارن، خشک میوہ جات کی مناسب مقدار یا گھر میں تیار کیے گئے ہلکے نمک والے اسنیکس نسبتاً بہتر انتخاب ہوسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ کھانے میں پروٹین، فائبر اور صحت مند چکنائی شامل رکھنے سے پیٹ زیادہ دیر تک بھرا محسوس ہوسکتا ہے اور بار بار اسنیک کھانے کی ضرورت کم ہوسکتی ہے۔
یوں چپس اور نمکو کے ہر پیکٹ کی طرف ہاتھ بڑھانے سے پہلے صرف ایک لمحے کے لیے رکنا بھی کھانے کی عادت کو بہتر بنانے کی طرف ایک اہم قدم ثابت ہوسکتا ہے۔
























