وینا ملک لائیو شو میں میک اپ اتارتے ہوئے آبدیدہ
پاکستانی میزبان اور سابق فلمی اداکارہ وینا ملک نے اپنے حلیے پر ہونے والی تنقید کا انوکھے انداز میں جواب دیا۔ اداکارہ نے لائیو شو کے دوران نہ صرف اپنی ہائی ہیلز اتاریں بلکہ کیمروں کے سامنے میک اپ بھی صاف کردیا۔
وینا ملک حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو کی میزبانی کے ذریعے اسکرین پر واپس آئی ہیں۔ تاہم ٹی وی اسکرین پر واپسی کے بعد اداکارہ کو اپنے بڑھتے ہوئے وزن اور ظاہری شکل کی وجہ سے سوشل میڈیا پر تنقید اور باڈی شیمنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس پر انہوں نے لائیو پروگرام کے دوران انتہائی جذباتی اور دو ٹوک ردعمل دیا ہے۔
پروگرام کے دوران جب ایک خاتون مہمان نے اس بات کا ذکر کیا کہ سوشل میڈیا پر وینا ملک کے حوالے سے مسلسل ٹرینڈ چل رہا ہے اور لوگ ان پر تنقید کر رہے ہیں، تو وینا ملک نے کہا کہ لوگوں کے ان تبصروں کا ان پر کوئی اثر نہیں ہوتا کیونکہ یہ باتیں ان کی زندگی میں کوئی معنی نہیں رکھتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تنقید کرنے والے انہیں نیچا دکھانا چاہتے ہیں لیکن وہ پورے حوصلے اور اعتماد کے ساتھ کھڑی رہیں گی۔
اسی گفتگو کے دوران وینا ملک آبدیدہ ہو گئیں اور تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے انہوں نے لائیو کیمرے کے سامنے اپنے جوتے اور میک اپ اتار دیا۔
اس موقع پر وینا ملک نے کہا کہ لوگوں نے ابھی صرف ان کا وزن دیکھا ہے، اس لیے وہ اپنی اونچی ایڑی کے جوتے اتار رہی ہیں تاکہ لوگ ان کا اصل قد بھی دیکھ سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنا میک اپ بھی صاف کر رہی ہیں تاکہ تنقید کرنے والوں کو بات کرنے کا مزید موقع مل سکے۔
میک اپ اتارنے کے بعد انہوں نے کہا کہ اب لوگ جو چاہیں کہیں اور ان کے اس اصل روپ کی بریکنگ نیوز بنائیں کہ وینا ملک کیا ہیں کالی ہیں، موٹی ہیں، سانولی ہیں، بدصورت ہیں۔
انہوں نے تنقید کرنے والوں پرجوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ اسکرین پر بیٹھی خاتون کے بارے مں ایسے تبصرے کررہے ہیں تو اپنے گھر کی عورتوں کے ساتھ آپ کا سلوک کیسا ہوگا؟
وینا ملک کے اس اقدام کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے اور تعریفی تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔ متعدد صارفین نے ان کے اس عمل کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کیمرے کے سامنے اپنا اصل روپ دکھانے کے لیے بہت ہمت چاہیے اور وینا ملک ایک مضبوط اور بااعتماد خاتون ہیں۔

کئی مداحوں نے یہ بھی رائے دی کہ وینا ملک میک اپ کے بغیر بھی بے حد خوبصورت ہیں اور ان کی جلد بالکل صاف ہے۔ دوسری جانب کچھ صارفین کا یہ بھی خیال تھا کہ انہیں میک اپ اتارنے کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ وہ میک اپ کے ساتھ اور اس کے بغیر دونوں صورتوں میں اچھی دکھائی دیتی ہیں۔

واضح رہے کہ وینا ملک نے اپنے کیریئر میں کئی کامیاب فلموں، مزاحیہ اور طنزیہ پروگراموں کے ساتھ ساتھ مشہور ریئلٹی شو بگ باس میں شرکت کر کے بھی عالمی سطح پر شہرت حاصل کی ہے۔ ان کے مشہور پروجیکٹس میں ہم سب امید سے ہیں، محبتاں سچیاں، تیرے پیار میں اور سلاخیں شامل ہیں۔
























