گھر میں لگے خوبصورت پودوں کی دیکھ بھال کرتے ہوئے اکثر لوگوں کو اس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب ان پر چیونٹیوں نے ڈیرے ڈال لیے ہوں۔

یہ چیونٹیاں نہ صرف گملوں کے اردگرد جمع ہوجاتی ہیں بلکہ بعض اوقات پودوں کے راستے گھروں کے اندر داخل ہوکر پریشانی کا سبب بنتی ہیں۔ ایسے میں انہیں مارنے کے لیے کیمیکل استعمال کرنے کے بجائے قدرتی طریقے سے دور رکھنا ایک بہتر انتخاب ہوسکتا ہے۔

باغبانی کے ماہرین نے اس مسئلے کا ایک آسان حل بتایا ہے، جس کے لیے گھر کے باورچی خانے میں موجود چند عام چیزیں استعمال کی جاسکتی ہیں۔ اس طریقے میں چیونٹیوں کو نقصان پہنچائے بغیر انہیں پودوں سے دور رکھنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

دار چینی اور لیموں سے تیار کریں قدرتی اسپرے

باغبانی کی ماہر شویتا آنند نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے چیونٹیوں کو پودوں سے دور رکھنے کے لیے ایک گھریلو اسپرے بنانے کا طریقہ بتایا ہے۔

اس محلول کی تیاری کے لیے آدھا لیٹر پانی، دار چینی کی چند چھڑیاں یا ایک چائے کا چمچ دار چینی پاؤڈر، ایک چائے کا چمچ ہلدی، ایک سے دو چمچ سفید سرکہ اور ایک لیموں کا رس درکار ہوگا۔

سب سے پہلے آدھا لیٹر پانی کسی برتن میں ڈالیں اور اس میں دار چینی شامل کردیں۔ اس کے بعد ہلدی، سفید سرکہ اور لیموں کا رس ڈال کر تمام اجزا کو اچھی طرح مکس کریں۔ برتن کو ڈھانپ کر تقریباً ایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں تاکہ تمام اجزا پانی میں اچھی طرح شامل ہوجائیں۔

ایک گھنٹے بعد اس محلول کو چھان کر اسپرے بوتل میں بھر لیں۔ اب جہاں پودوں کے قریب چیونٹیاں نظر آئیں، وہاں اس کا ہلکا چھڑکاؤ کیا جاسکتا ہے۔

شویتا آنند کے مطابق اگر گملے کی مٹی میں چیونٹیوں کی تعداد زیادہ ہو تو اسپرے کرنے سے پہلے مٹی کی اوپری سطح کو احتیاط سے تھوڑا سا ڈھیلا کردیں۔ اس مقصد کے لیے گہرائی تک مٹی کھودنے کی ضرورت نہیں، بلکہ ہاتھوں سے اوپر کی تہہ ہلکی سی نرم کرنا کافی ہے۔

ان کے مطابق اس قدرتی محلول میں شامل اجزا چیونٹیوں کو پودوں سے دور رکھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس سے پودوں پر پھپھوندی (فنگس) بننے کے امکانات کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

گھریلو اجزا سے تیار ہونے والے ہر محلول کا اثر تمام پودوں پر یکساں نہیں ہوتا۔ لیموں کا رس اور سرکہ تیزابی اثر رکھتے ہیں، اس لیے انہیں براہ راست پتوں یا نرم کونپلوں پر زیادہ مقدار میں چھڑکنے سے نقصان پہنچ سکتا ہے۔

بہتر ہے کہ پہلے پودے کے کسی چھوٹے حصے پر اسپرے کرکے 24 سے 48 گھنٹے تک اس کا اثر دیکھ لیا جائے۔ اس کے علاوہ محلول کو مٹی میں زیادہ مقدار میں ڈالنے سے گریز کریں۔

یہ بات بھی ذہن میں رکھنی چاہیے کہ گملوں میں چیونٹیوں کی موجودگی بعض اوقات مٹی میں نمی یا پودوں پر موجود چھوٹے کیڑوں کی وجہ سے ہوتی ہے۔

خاص طور پر افڈز نامی ننھے کیڑے ایک میٹھا مادہ خارج کرتے ہیں جس کی وجہ سے چیونٹیاں پودوں کی طرف متوجہ ہوتی ہیں۔ اس لیے صرف چیونٹیوں کو دور کرنے کے بجائے پودوں کے پتوں اور تنوں کا معائنہ کرنا بھی ضروری ہے۔

یوں چند عام گھریلو چیزوں اور مناسب احتیاط کے ذریعے پودوں کی دیکھ بھال کرتے ہوئے چیونٹیوں کی پریشانی کم کرنے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔

More

Comments
1000 characters