پاکستانی ڈرامہ ’درِ نجات‘ نے نہ صرف پاکستان بلکہ سرحد پار بھارت میں بھی ناظرین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے۔
ڈرامے کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیشِ نظر بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے ایک کیفے میں نوجوان مداحوں کی جانب سے خصوصی واچ پارٹی اور اسکریننگ کا اہتمام کیا گیا، جہاں شائقین نے اکٹھے بیٹھ کر قسط دیکھی اور ڈرامے کی کہانی و کرداروں پر دلچسپ تبصرے کیے۔
دہلی میں ہونے والی اس تقریب میں شریک مداحوں کی گفتگو کا سب سے بڑا مرکز ابوبکر کا کردار رہا۔ جسے ناظرین نے مردوں کے لیے ایک اچھی مثال قرار دیا۔

شائقین کا کہنا تھا کہ ابوبکر نے خواتین کے ساتھ ساتھ مردوں کے دل بھی جیت لیے ہیں اور یہ کردار مردوں کو بری عادتیں چھوڑ کر بہتر انسان بننے کی ترغیب دیتا ہے۔
ایک شریک نوجوان نے ہنستے ہوئے بتایا کہ اگرچہ انہوں نے خود یہ ڈرامہ نہیں دیکھا لیکن ان کی شریکِ حیات ہر وقت ابوبکر کی تعریفیں کرتی رہتی ہیں۔
ایک اور مداح نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ابوبکر کوئی حقیقی انسان نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت کا کردار لگتا ہے کیونکہ اتنی خوبیاں صرف اے آئی میں ہی ہو سکتی ہیں، جبکہ دیگر ناظرین کے مطابق ابوبکر محض بنیادی احترام دکھاتا ہے اور یہی سادہ سی بات اسے منفرد بناتی ہے۔

اسکریننگ میں شریک بعض بھارتی ناظرین نے پاکستانی ڈراموں کے اندازِ کہانی کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈراموں کی کہانیاں نسبتاً مختصر ہوتی ہیں اور غیر ضروری طوالت کے بجائے مرکزی موضوع پر توجہ برقرار رکھتی ہیں۔
تقریب میں موجود شہریار منور کے ایک مداح کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈراموں میں کہانی کو غیر ضروری طور پر طویل کرنے کے بجائے محدود اقساط میں مؤثر انداز سے پیش کیا جاتا ہے۔

ناظرین نے دیگر کرداروں پر بھی کھل کر رائے دی۔ ایک خاتون مداح نے حمنہ کے بجائے زریاب کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ زریاب برصغیر کی عام خواتین کی حقیقی نمائندگی کرتی ہے، جبکہ کئی شرکاء کا ماننا تھا کہ زامل کے کردار کو بھی درست رہنمائی کے ساتھ سنبھلنے کا ایک موقع ملنا چاہیے۔
مداحوں کے مطابق ’درِ نجات‘ کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ ہر عمر کے افراد سے جڑ جاتا ہے کیونکہ بہت سے لوگ اپنی زندگی میں اس سے ملتے جلتے حالات سے گزر چکے ہوتے ہیں۔
اس تقریب کو اس وقت مزید چار چاند لگ گئے جب ڈرامے کے ہدایت کار ثاقب خان نے ویڈیو کال کے ذریعے مداحوں سے رابطہ کیا۔
انہوں نے شائقین کے سوالات سنے اور ان کے جوابات بھی دیے، جس سے تقریب میں شریک افراد کو ڈرامے کی تیاری اور اس کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں جاننے کا موقع ملا۔

واضح رہے کہ ’درِ نجات‘ کی مقبولیت صرف پاکستان تک محدود نہیں رہی بلکہ سرحدوں سے آگے بھی اپنی کہانیوں اور کرداروں کے ذریعے ناظرین سے جڑ گیا ہے۔
معروف مصنفہ عمیرہ احمد کے قلم سے تحریر کردہ اور ثاقب خان کی ہدایت کاری میں بننے والے اس ڈرامے کو تھریز انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے پیش کیا گیا ہے۔
ڈرامے کی مرکزی کاسٹ میں درفشاں سلیم، شہریار منور، نمیر خان، سحر ہاشمی اور رومیسہ خان شامل ہیں۔ کہانی زریاب کے گرد گھومتی ہے جو دل ٹوٹنے کے بعد ایک جدید طرزِ زندگی سے روحانی اور مذہبی راستے کی طرف سفر اختیار کرتی ہے۔
























