جئی سے گھر پر قدرتی فٹ اسکرب بنائیں
دن بھر کی بھاگ دوڑ اور مسلسل حرکت کے باعث ہمارے پاؤں سب سے زیادہ مشقت برداشت کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں پیروں میں درد، اکڑاؤ اور تھکاوٹ کا ہونا ایک عام بات ہے حالانکہ محض 10 منٹ کے آسان گھریلو طریقے سے پیروں کو مکمل سکون اور تازگی دی جا سکتی ہے۔
عام طور پر لوگ چہرے، بالوں اور ہاتھوں کی خوبصورتی و صفائی کا تو خاص خیال رکھتے ہیں، مگر جسم کا بوجھ اٹھانے والے پیروں کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ جب درد یا تھکاوٹ ناقابلِ برداشت ہو جائے تو اکثر افراد مہنگے پارلرز کا رخ کرتے ہیں،
گر آپ بھی تھکے ہوئے پیروں کو سکون پہنچانا اور ان کی صفائی بہتر بنانا چاہتے ہیں تو مہنگے فٹ اسپا یا پارلر جانے کی ضرورت نہیں۔ گھر میں موجود چند عام چیزوں، خصوصاً جئی اور شہد کی مدد سے ایک آسان فٹ اسکرب تیار کیا جاسکتا ہے۔ اس کے ساتھ 10 سے 15 منٹ کی ہلکی مالش پاؤں کو آرام پہنچانے میں مدد دے سکتی ہے۔
ماہ گھر پر پیروں کی دیکھ بھال اور مساج کے لیے سب سے پہلے ایک ٹب میں نیم گرم پانی لیں اور اس میں آدھے لیموں کا رس نچوڑ لیں۔ اپنے پیروں کو اس پانی میں 10 سے 15 منٹ تک بھگو کر رکھیں۔
نیم گرم پانی پٹھوں کو سکون پہنچاتا ہے جبکہ لیموں میں موجود قدرتی تیزابیت میل کچیل کو نرم کر کے صفائی میں مدد دیتی ہے۔
اس کے بعد جئی (اوٹس) کا قدرتی اسکرب تیار کریں جو باآسانی اور انتہائی کم قیمت میں دستیاب ہوتی ہے۔ تھوڑی سی جئی کو مکسر میں پیس کر باریک کر لیں اور اس میں ایک چائے کا چمچ خالص شہد ملا کر گاڑھا پیسٹ بنا لیں۔
شہد جلد کو قدرتی نمی فراہم کرتا ہے جبکہ جئی بہترین کلینزر کا کام کرتی ہے۔
پیروں کو پانی سے نکال کر خشک تولیے سے پونچھ لیں اور یہ پیسٹ تلووں، ایڑیوں اور پیروں کے اوپری حصے پر اچھی طرح لگائیں، جس سے مردہ جلد اتر جائے گی اور جلد نرم و ملائم ہو جائے گی۔
اگلے مرحلے میں اپنی انگلیوں اور انگوٹھوں کی مدد سے پیروں کے تلووں، ایڑیوں اور اوپری حصوں پر دائرے کی شکل میں 2 سے 3 منٹ تک ہلکے ہاتھ سے مالش کریں۔ خاص طور پر ایڑیوں اور تلووں پر نرمی سے مساج کریں۔ ٹخنوں پر زیادہ دباؤ ڈالنے سے گریز کریں تاکہ کسی قسم کی چوٹ یا تکلیف نہ ہو۔
مزید آرام کے لیے گھٹنوں سے نیچے پنڈلیوں پر بھی تقریباً 5 منٹ تک مساج کریں، کیونکہ اس سے ٹانگوں میں خون کی روانی بہتر ہوتی ہے اور دن بھر کی تھکان دور ہو جاتی ہے۔ اگر خود مساج کرنے میں دشواری ہو تو گھر کے کسی فرد کی مدد لی جا سکتی ہے۔
مساج مکمل ہونے کے بعد پیروں کو سادہ اور صاف پانی سے دھو لیں۔ اب ایک صاف تولیہ گرم پانی میں بھگو کر نچوڑ لیں اور اسے دو منٹ کے لیے پیروں کے گرد لپیٹ دیں۔
اس بھاپ اور گرمائش سے پیروں کے مسام کھلتے ہیں اور مساج کے اثرات دوگنا ہو جاتے ہیں۔ دو منٹ بعد اسی تولیے سے پیروں کو صاف کریں اور پھر ایک خشک تولیے سے اچھی طرح خشک کر لیں۔
آخری مرحلے میں خشک پیروں پر کوئی اچھا موئسچرائزر یا لوشن لگائیں اور ہلکے ہاتھ سے جذب ہونے تک مالش کریں تاکہ جلد میں نمی برقرار رہے اور ایڑیاں پھٹنے سے محفوظ رہیں۔
ہفتے میں کم از کم ایک بار اس سادہ اور کم خرچ عمل کو اپنانے سے نہ صرف پیروں کا درد اور تھکاوٹ ختم ہو جاتی ہے بلکہ پاؤں صاف، نرم اور صحت مند بھی رہتے ہیں۔
























