بولی ووڈ اداکارہ ملیکا شیراوت نے یہ دعویٰ کر کے سب کو حیران کر دیا ہے کہ ہالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار ٹام کروز ان کو پسند کرتے ہیں اور ان کو سوشل میڈیا پرمیسیجز بھی بھیجتے ہیں۔
ملیکا شیراوت نے یہ انکشاف نئے آنے والے ریئلٹی شو ’دی ٹریٹرز سیزن2‘ میں ایک گفتگو کے دوران کیا۔ یہ شو 13 اگست 2026 سے پرائم ویڈیو پر نشر کیا جائے گا۔
اس شو میں جب ان کے ساتھ موجود ایک اور شریک آدتیہ کلشریشٹھا نے ملیکا سے دلچسپ سوال پوچھا کہ کیا آپ کو کبھی کسی پر دل آیا ہے یا پھر ہر کوئی آپ کا ہی دیوانہ رہا ہے؟ تو اس کے جواب میں ملیکا شیراوت نے کہا کہ، ’ہر کسی کو ہی مجھ سے محبت رہی ہے۔ آج کل کے دنوں میں ٹام کروز کو مجھ پر کرش ہے۔ وہ مجھے پسند کرتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’میں کوئی جھوٹ نہیں بول رہی، اگر اس وقت میرے پاس میرا فون ہوتا تو میں اپ کو ان کی بھیجی ہوئی ویڈیو بھی دکھاتی۔‘
جب ملیکا سے آگے مزید پوچھا گیا کہ ٹام کروز ان کو کس قسم کی ویڈیو بھیجتے ہیں، تو انہوں نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ بس وہ ویڈیوز جب ہم ایک ساتھ پارٹیاں وغیرہ کرتے تھے، وہ واقعی ایک بہترین انسان ہیں۔
تاہم اس پورے معاملے پر ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز یا ان کی ٹیم کی طرف سے اب تک کوئی بات یا تصدیق سامنے نہیں آئی ہے اور یہ تمام باتیں فی الحال صرف ملیکا شیراوت کا اپنا ہی ایک دعویٰ ہیں۔
ملیکا شراوت ’دی ٹریٹرز سیزن 2‘ میں شامل معروف شخصیات میں سے ایک ہیں۔ اس سیزن میں ان کے ساتھ منور فاروقی، شویتا تیواری، ریا چکرورتی، رنویر برار، کرسٹل ڈی سوزا، دلیپ تہل، پرول گلٹی، اکا، ابھیشیک ملہان اور دیگر کئی معروف نام بھی شامل ہیں۔
یہ نیا شو انٹرنیٹ پر جاری ہونے والا ہے جس میں فلموں، ڈراموں، موسیقی اور سوشل میڈیا کی دنیا سے تعلق رکھنے والے کئی مشہور افراد حصہ لے رہے ہیں۔ اس شو میں تمام کھلاڑیوں کے درمیان ایک خاص طریقے سے کھیل کھیلا جاتا ہے جہاں ہر کوئی ایک دوسرے سے چالاکی اور حکمت عملی کے ذریعے آگے نکلنے کی کوشش کرتا ہے۔
ملیکا شراوت کا ٹام کروز سے متعلق یہ دعویٰ شو کی ریلیز سے پہلے ہی اس کے دلچسپ لمحات میں شامل ہوگیا ہے۔ البتہ جب تک ٹام کروز یا ان کی ٹیم کی جانب سے اس بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آتا، اسے ملیکا شراوت کا ذاتی دعویٰ ہی سمجھا جائے گا۔
























