پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا ایک پرانا اور مشہور سیاسی ڈائیلاگ اب سرحد پار بھارتی گانے میں استعمال ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔ پاکستان میں سیاسی بیان بازی کے لیے استعمال ہونے والا یہ پنجابی جملہ اب موسیقی کی دنیا میں بھی گونج رہا ہے۔

بھارت کے معروف پنجابی گلوکار اور اداکار ایمی ورک کا ایک نیا گانا سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہو رہا ہے، جس کے پس منظر میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شہباز گل کی پریس کانفرنس کی ویڈیو سے لیا گیا جملہ سنائی دیتا ہے۔

شہباز گل نے یہ گفتگو اپنے مخصوص طنزیہ اور جارحانہ انداز میں سیاسی مخالفین کے بارے میں کی تھی۔

اس وائرل کلپ میں شہباز گل جوش میں کہتے ہیں، ’تم اپنی حرکتوں سے متعلق جو کچھ میرے اوپر پھینکنا ہے پھینکو، میں جٹ کا بیٹا ہوں۔‘

کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ سیاست اور فن کا اس طرح کا انوکھا اور غیر متوقع ملاپ بھی ہو سکتا ہے۔

شہباز گل کا یہ جملہ پہلے ہی سوشل میڈیا پر خاصا مشہور ہوچکا تھا، جیسے ہی ایمی ورک کا یہ نیا گانا یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ریلیز ہوا، صارفین نے فوری طور پر پس منظر میں چلنے والے اس مشہور پنجابی جملے کو پہچان لیا۔

اس کے بعد سے یوٹیوب کے کمنٹس سیکشن میں دلچسپ تبصروں کا تانتا بندھا ہوا ہے اور یہ گانا دونوں ممالک کے نوجوانوں اورسوشل میڈیا صارفین میں دلچسپی سے دیکھا جا رہا ہے۔

پاکستان میں جہاں سیاسی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں، وہیں سرحد پار کسی گانے میں شہباز گل کے اس جملے کا استعمال یہ ظاہر کرتا ہے کہ ڈیجیٹل دور میں سیاسی گفتگو اور پنجابی الفاظ کیسے سرحدیں عبور کرکے فن کی دنیا پر بھی اپنے نقوش چھوڑ سکتے ہیں۔

More

Comments
1000 characters