خوبصورت اور صحت مند جلد کے لیے ایک بہترین اسکن کیئر روٹین کا ہونا انتہائی ضروری ہے۔ آج کل جلد کو جوان اور صاف رکھنے کے لیے بہت سے لوگ اپنے اسکن کیئر روٹین میں ریٹینول شامل کر رہے ہیں۔ ریٹینول وٹامن اے کی ایک قسم ہے، جو جلد پر بڑھتی عمر کے اثرات کم کرنے، باریک لکیروں اور جھریوں کو نمایاں ہونے سے روکنے میں مدد دے سکتا ہے۔ بعض خواتین میں یہ جلد کی رنگت اور داغ دھبوں کو بہتر بنانے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔

تاہم ماہرین کے مطابق ریٹینول کا فائدہ حاصل کرنے کے لیے اسے درست طریقے سے استعمال کرنا ضروری ہے۔

معروف ڈرماٹولوجسٹ ڈاکٹر جاشیا بھاٹیا سرین نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے ریٹینول کے درست استعمال اور اس سے جڑی 5 ضروری باتوں پر روشنی ڈالی ہے۔

رات کے وقت استعمال کریں

ماہرِ جلد کے مطابق ریٹینول کو رات کے وقت چہرے پر لگانا بہتر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سورج کی شعاعیں ریٹینول کو متاثر کر سکتی ہے، اس لیے اسے دن کے وقت استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔

حساس حصوں سے دور رکھیں

ریٹینول پورے چہرے پر بے احتیاطی سے نہیں لگانا چاہیے۔ خاص طور پر آنکھوں کے اردگرد، ناک کے کناروں اور ہونٹوں کے قریب کی جلد بہت حساس ہوتی ہے۔ یہاں ریٹینول لگانے سے جلن، خارش یا سرخی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

زیادہ مقدار فائدہ نہیں بڑھاتی

ریٹینول استعمال کرتے وقت زیادہ مقدار لگانا ضروری نہیں۔ ماہرِ جلد کے مطابق پورے چہرے کے لیے تقریباً دو قطرے کافی ہیں۔ زیادہ ریٹینول لگانے سے اضافی فائدہ ملنے کے بجائے جلد میں خشکی اور جلن بڑھ سکتی ہے۔

چہرہ دھونے کے فوراً بعد نہ لگائیں

ریٹینول لگانے سے پہلے چہرہ دھونے کے بعد کچھ دیر انتظار کرنا بہتر ہے۔ ڈاکٹر جوشیا کے مطابق چہرہ صاف کرنے کے تقریباً 10 منٹ بعد ریٹینول لگایا جا سکتا ہے۔ اس احتیاط سے جلد میں ہونے والی جلن کا امکان کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

بعد میں موئسچرائزر ضرور لگائیں

ریٹینول کے استعمال کے بعد جلد خشک ہو سکتی ہے، اس لیے کوئی اچھا موائسچرائزر لازمی لگائیں۔ خاص طور پر خشک یا حساس جلد والے افراد کو ریٹینول کے بعد جلد کو نمی فراہم کرنے پر زیادہ توجہ دینی چاہیے۔

شروع میں آہستہ آہستہ استعمال کریں

اگر آپ نے پہلے کبھی ریٹینول استعمال نہیں کیا تو اسے روزانہ لگانے کے بجائے آہستہ آہستہ اسکن کیئر روٹین میں شامل کرنا بہتر ہے۔ ابتدا میں کم مقدار استعمال کرکے جلد کا ردعمل دیکھیں۔ اگر ریٹینول لگانے کے بعد مسلسل شدید جلن، سرخی، سوجن یا خارش ہو تو استعمال روک کر ماہرِ جلد سے مشورہ کرنا بہتر ہے۔

More

Comments
1000 characters