پاکستان کے نامور فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائے) کا موبائل فون اور تمام ذاتی اکاؤنٹس ہیکرز کا نشانہ بن گئے ہیں۔ اس بات کا انکشاف انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کرتے ہوئے اپنے تمام مداحوں، دوستوں اور متعلقہ افراد کو کسی بھی ممکنہ فراڈ سے بچنے کے لیے خبردار کر دیا ہے۔

ایچ ایس وائے نے اپنے انسٹاگرام پر ایک تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 20 اکتوبر کو ان کا موبائل فون، واٹس ایپ اکاؤنٹ، ای میل اور رابطہ نمبروں کی فہرست ہیکرز کی رسائی میں آگئی تھی۔ اس واقعے کے بعد ان کے اکاؤنٹس سے بڑی تعداد میں لوگوں کو پیغامات موصول ہوئے۔

فیشن ڈیزائنر کے مطابق انہیں اس بات کا اندازہ نہیں ہے کہ ان کے اکاؤنٹس سے کتنے اور کس قسم کے پیغامات بھیجے گئے ہیں، تاہم اب تک سیکڑوں افراد کو ان کے نام سے پیغامات موصول ہو چکے ہیں۔

اس صورتحال کے پیشِ نظر ایچ ایس وائے نے اپنے دوستوں، مداحوں اور عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں ان کے نام سے کوئی بھی مشکوک یا غیر معمولی پیغام موصول ہو تو اس کا ہرگز جواب نہ دیں۔

انہوں نے خاص طور پر تاکید کی ہے کہ ان کے نام پر کسی کو بھی رقم یا ذاتی معلومات فراہم نہ کی جائیں اور نہ ہی کسی مشکوک لنک یا فائل پر کلک کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ہدایت پر عمل کرنے سے پہلے ان کے قابلِ اعتماد نمبر پر براہِ راست تصدیق لازمی کر لیں۔

اپنی خیریت کے بارے میں بتاتے ہوئے فیشن ڈیزائنر نے کہا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں اور ان کی ٹیم تمام متاثرہ اکاؤنٹس کو دوبارہ محفوظ بنانے کے لیے تیزی سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے اس ہیکنگ کے باعث پیدا ہونے والی پریشانی اور الجھن پر اپنے چاہنے والوں سے معذرت کا اظہار بھی کیا۔

More

Comments
1000 characters