بھارتی فلم انڈسٹری سے وابستہ ایک بڑی تنظیم نے نیٹ فلکس پر نشر ہونے والے پاکستانی ڈرامے ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی بھارت میں ریلیز روکنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

تنظیم نے وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت سے درخواست کی ہے کہ پاکستانی مواد کی نمائش پر پابندی عائد کرنے کے لیے مستقل قانون بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے سخت سزائیں مقرر کی جائیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن (اے آئی سی ڈبلیو اے) نے منگل کی رات وزیراعظم مودی کے نام ایک خط ارسال کیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بھارتی اسکرینوں پر پاکستانی فنکاروں، آوازوں اور کہانیوں کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔

نیٹ فلکس کی جانب سے پاکستانی ناول نگار فرحت اشتیاق کے مشہور ناول پر مبنی سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ 4 دسمبر کو ریلیز کی جانی ہے۔ یہ عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارم کی پہلی اردو زبان کی سیریز ہے۔ اس سیریز میں پاکستان کے صفِ اول کے اداکار فواد خان، ماہرہ خان، صنم سعید سمیت کئی معروف فنکار شامل ہیں۔

اس کہانی میں چھ جوڑوں کی زندگی اور محبت کے مختلف پہلوؤں کو پیش کیا گیا ہے۔ سیریز کی ریلیز کو پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے بھی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس کے ذریعے پاکستانی فنکاروں کا کام عالمی ناظرین تک پہنچے گا۔

آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن نے اپنے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ نیٹ فلکس انڈیا سمیت تمام او ٹی ٹی پلیٹ فارمز بھارتی مارکیٹ میں پاکستانی مواد دکھانے سے گریز کریں۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث پاکستانی شوز کی نمائش روکنے سے متعلق پہلے ہی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں، اس لیے اگر نیٹ فلکس نے مذکورہ سیریز بھارت میں نشر کی تو اسے ان ہدایات کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔

خط میں یہ اعتراض بھی اٹھایا گیا کہ سیریز میں شامل بعض پاکستانی اداکار ماضی میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے دوران بھارت کے خلاف بیانات دے چکے ہیں۔ تنظیم نے پاکستانی مواد کی نمائش روکنے کے لیے ایک مستقل اور سخت قانون بنانے پر بھی زور دیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستانی شوز اور فلموں کی بھارت میں نمائش کا معاملہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور سفارتی تعلقات میں تناؤ کے باعث پہلے بھی زیر بحث رہا ہے۔

گزشتہ برس مقبوضہ کشمیر میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کے بعد، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، دونوں ممالک کے درمیان شدید کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔ بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا، تاہم پاکستان نے ان الزامات کو مسترد کیا تھا۔

اس واقعے کے بعد بھارت نے اسٹریمنگ پلیٹ فارمز سے پاکستانی شوز کی نمائش روکنے کے لیے کہا تھا۔ اگرچہ بھارتی پلیٹ فارمز پر پاکستانی مواد کی دستیابی محدود ہے، تاہم یوٹیوب پر پاکستان کے متعدد ڈرامے اب بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔

بھارت نیٹ فلکس کی اہم ترین مارکیٹوں میں شامل ہے، جہاں صارفین کی بڑی تعداد اس پلیٹ فارم سے منسلک ہے۔ رائٹرز کے مطابق ایچ ایس بی سی کے اندازوں کی بنیاد پر بھارت میں نیٹ فلکس کے صارفین کی تعداد تقریباً 2 کروڑ بتائی جاتی ہے۔

دوسری جانب نیٹ فلکس اور بھارتی وزیراعظم کے ترجمان نے اس معاملے پر رائٹرز کی جانب سے مؤقف جاننے کے لیے بھیجے گئے سوالات کا فوری جواب نہیں دیا۔

More

Comments
1000 characters