پاکستان کے مشہور ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے اپنے بیٹے دوراب خلیل کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ وہ ان کے مشورے پر میڈیا سے دور ہوئے ہیں۔

دوراب خلیل خود بھی اداکاری کے شعبے سے وابستہ ہیں اور ’میں منٹو نہیں ہوں‘ اور ’صرف شبانہ‘ جیسے ڈراموں میں کام کر کے اپنی پہچان بنا چکے ہیں۔

حال ہی میں ایک گفتگو کے دوران انہوں نے یہ تاثر دیا تھا کہ انہوں نے اپنے والد کو سخت بیانات سے گریز کرنے کا مشورہ دیا تھا جس کے بعد ان کے والد نے میڈیا پر گفتگو کم کر دی ہے۔

دوراب خلیل نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ، ’میں نے اپنے والد سے بڑے احترام کے ساتھ گزارش کی تھی کہ وہ اتنے سخت بیانات نہ دیا کریں اور اپنے الفاظ میں نرمی لائیں، جس کے بعد انہوں نے میڈیا پر کم آنا شروع کر دیا۔‘

دوراب کے اس بیان سے یہ تاثر ابھرا تھا کہ شاید خلیل الرحمان قمر نے اپنے بیٹے کی بات مان کر اپنی روش بدل لی ہے، تاہم حقیقت اس کے برعکس نکلی۔

سینئر صحافی ارشاد بھٹی کے ساتھ ایک خصوصی گفتگو میں جب خلیل الرحمان قمر سے اس بارے میں سوال کیا گیا کہ کیا وہ واقعی اپنے بیٹے کے مشورے پر خاموش ہوگئے ہیں تو انہوں نے اس دعوے کو مکمل طور پر رد کردیا۔

خلیل الرحمان قمر کا کہنا تھا کہ میں کسی کے کہنے پر خاموش نہیں ہوا، دراصل میری صحت کے کچھ مسائل تھے جن کی وجہ سے میں میڈیا پر نہیں آ رہا تھا۔

انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے واضح الفاظ میں کہا کہ میرا اپنا ایک ذہن ہے اور میں اپنے فیصلے خود کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوں، اس لیے یہ کہنا غلط ہے کہ میں نے اپنے بیٹے کے کہنے پر انٹرویوز دینا بند کر دیے۔

خلیل الرحمان قمر نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں ہے کہ میں کسی کے دباؤ یا مشورے پر اپنی رائے دینا بند کر دوں گا۔

More

Comments
1000 characters