ریٹائرمنٹ کے بعد مالی سکون کے لیے صرف یہ کافی نہیں کہ ملازمت کے دوران کتنی آمدن رہی یا کتنی رقم جمع کی گئی، بلکہ یہ بھی اہم ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد باقاعدہ آمدن کا انتظام کیسے ہوگا۔ چاہے گھر میں ایک فرد کماتا ہو یا میاں بیوی دونوں، ملازمت ختم ہونے کے بعد آمدن کے ذرائع، اخراجات، مہنگائی، صحت اور مستقبل کی مالی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے پہلے سے منصوبہ بندی ضروری ہے۔ یہی منصوبہ بندی جمع شدہ سرمائے کو طویل عرصے تک قابلِ اعتماد آمدن میں تبدیل کرنے میں مدد دیتی ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ اصل امتحان اس وقت شروع ہوتا ہے جب ملازمت ختم ہو جاتی ہے اور تنخواہ کا باقاعدہ سلسلہ رک جاتا ہے، جبکہ گھر کے بہت سے اخراجات بدستور جاری رہتے ہیں۔ بجلی اور دیگر یوٹیلیٹی بلز، گھر کی دیکھ بھال، خوراک، گاڑی، انشورنس، ٹیکس اور روزمرہ ضروریات ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ختم نہیں ہوتیں۔ اس کے ساتھ عمر بڑھنے کے باعث طبی اخراجات میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔
یہ سمجھنا آسان ہے کہ ملازمت ختم ہونے کے بعد اخراجات بھی کم ہو جائیں گے، کیونکہ دفتر آنے جانے اور ملازمت سے متعلق بعض دوسرے اخراجات ختم ہو جاتے ہیں۔ لیکن عملی زندگی میں معاملہ ہمیشہ ایسا نہیں ہوتا۔
ہوتا کچھ یوں ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد میاں بیوی کے پاس زیادہ وقت ہوتا ہے۔ وہ سفر، تفریح، مشاغل، خاندان کے ساتھ وقت گزارنے یا ان کاموں پر رقم خرچ کرنا چاہتے ہیں جن کے لیے ملازمت کے دوران وقت نہیں ملتا تھا۔
اس کے علاوہ خاندان کے بڑے افراد بعض اوقات ریٹائرمنٹ کے بعد بھی بچوں کی مالی مدد جاری رکھتے ہیں۔ بچوں کی شادی، گھر خریدنے، کاروبار شروع کرنے یا کسی مشکل وقت میں مدد کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ اگر یہ اخراجات پہلے سے منصوبہ بندی میں شامل نہ ہوں تو ریٹائرمنٹ کی بچت توقع سے کہیں زیادہ تیزی سے کم ہو سکتی ہے۔
ریٹائرمنٹ کے لیے رقم جمع کرتے وقت اکثر توجہ اس بات پر ہوتی ہے کہ آج کتنی رقم درکار ہوگی۔ لیکن طویل مدت میں زیادہ اہم سوال یہ ہے کہ مستقبل میں اسی معیارِ زندگی کو برقرار رکھنے کے لیے کتنی رقم درکار ہوگی۔
مہنگائی وقت کے ساتھ خوراک، علاج، رہائش اور دیگر ضروریات کی قیمتیں بڑھا سکتی ہے۔ چنانچہ جو رقم آج کافی محسوس ہوتی ہے، ضروری نہیں کہ دس، پندرہ یا بیس سال بعد بھی اسی قدر مؤثر ثابت ہو۔
اسی لیے ریٹائرمنٹ کی منصوبہ بندی میں صرف جمع شدہ رقم نہیں بلکہ اس رقم کی مستقبل کی قوتِ خرید بھی پیش نظر رکھنا ضروری ہے۔ اس مضمون سے دوہری آمدن والے یعنی میاں بیوی کی پینشن اور سنگل پنشنر دونوں ہی بہترین حکمتِ عملی اپنا سکتے ہیں اور فائد حاصل کرسکتے ہیں۔
صرف بڑی بچت کافی نہیں
ریٹائرمنٹ کی منصوبہ بندی میں عام طور پر سب سے پہلا سوال یہی ہوتا ہے کہ ’’ہمارے پاس کتنی رقم جمع ہے؟‘‘
لیکن اس سے زیادہ اہم سوال یہ ہے کہ ’یہ رقم ریٹائرمنٹ کے بعد ہر ماہ کتنی قابلِ اعتماد آمدن فراہم کر سکتی ہے؟‘
کسی خاندان کے پاس ایک بڑا ریٹائرمنٹ فنڈ، پراویڈنٹ فنڈ، گریجویٹی یا دیگر سرمایہ موجود ہو سکتا ہے، لیکن اگر اس رقم سے باقاعدہ آمدن پیدا کرنے کا منصوبہ واضح نہ ہو تو چند سال بعد مالی دباؤ پیدا ہو سکتا ہے۔
اسی طرح جائیداد ایک قیمتی اثاثہ ہو سکتی ہے اور کرائے کی آمدن ریٹائرمنٹ میں مدد دے سکتی ہے، مگر جائیداد ہر وقت کرایہ نہیں دیتی۔ خالی رہنے کی مدت، مرمت، ٹیکس اور دیگر اخراجات آمدن کو متاثر کر سکتے ہیں۔
سرمایہ کاری کو ماہانہ آمدن میں تبدیل کرنا بہت ضروری ہے
ریٹائرمنٹ کے دوران مختلف اثاثے مختلف انداز سے آمدن فراہم کرتے ہیں۔ بینک ڈپازٹس، نیشنل سیونگز کی اسکیمیں، میوچل فنڈز، شیئرز، سکوک، جائیداد اور دیگر سرمایہ کاری کے اپنے فوائد اور خطرات ہوتے ہیں۔
کچھ سرمایہ کاری سے منافع یا آمدن مل سکتی ہے، کچھ اثاثے وقت کے ساتھ بڑھ سکتے ہیں اور بعض کو ضرورت پڑنے پر فروخت کیا جاسکتا ہے۔ لیکن ان سب کو مستقل ماہانہ تنخواہ کا متبادل سمجھنا درست نہیں۔
خاص طور پر اگر ریٹائرمنٹ کے بعد ہر ماہ سرمایہ نکالا جا رہا ہو تو مارکیٹ کی صورت حال، سرمایہ کاری کی واپسی اور رقم نکالنے کی رفتار اس بات پر اثر ڈال سکتی ہے کہ سرمایہ کتنے عرصے تک قائم رہے گا۔
یہاں یہ بات بھی مدِ نظر رکھنا چاہیے کہ میاں بیوی کے لیے ریٹائرمنٹ کا منصوبہ بناتے وقت ایک اہم سوال یہ بھی ہے کہ اگر دونوں میں سے ایک شریکِ حیات پہلے انتقال کر جائے تو دوسرے کی مالی صورتِ حال کیا ہوگی؟
اگرآپ کا پورا مالی منصوبہ دو افراد کی مشترکہ آمدن اور اخراجات پر مبنی ہو تو ایک شریکِ حیات کے نہ رہنے کی صورت میں مالی توازن متاثر ہو سکتا ہے۔
اسی لیے یہ دیکھنا ضروری ہے کہ پنشن، سرمایہ کاری، بینک اکاؤنٹس، جائیداد، انشورنس یا تکافل اور دیگر اثاثوں کی ملکیت کس کے نام ہے اور شریکِ حیات کی غیر موجودگی میں باقی رہنے والے فرد کو کتنی آمدن حاصل ہوگی۔
دونوں شریکِ حیات کو ایک دوسرے کے مالی معاملات سے بھی واقف ہونا چاہیے۔ تمام اہم اکاؤنٹس، سرمایہ کاری، دستاویزات اور نامزد افراد کی معلومات صرف ایک فرد تک محدود رہنے سے مشکل وقت میں غیر ضروری مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
طبی اخراجات کے لیے الگ حکمتِ عملی ضروری ہے
ریٹائرمنٹ کے بعد سب سے غیر متوقع اخراجات میں صحت سے متعلق اخراجات شامل ہو سکتے ہیں۔
ایک بڑی بیماری، سرجری یا طویل علاج ریٹائرمنٹ کے کئی سال کی بچت کو متاثر کر سکتا ہے۔ اگر ایسے اخراجات کے لیے الگ رقم موجود نہ ہو تو خاندان کو بنیادی ریٹائرمنٹ فنڈ سے رقم نکالنا پڑ سکتی ہے۔
اس لیے صحت سے متعلق کوریج، انشورنس یا تکافل اور ہنگامی رقم کو ریٹائرمنٹ منصوبے کا لازمی حصہ سمجھنا بہت ضروری اور زیادہ محفوظ طریقہ ہے۔ اکثر صحت سے متعلق معاملات پیش آنے پرجمع شدہ رقم کا حداب کتاب بری طرح درہم برہم ہوجاتا ہے۔
پنشن اور ریٹائرمنٹ کے فوائد کو سمجھنا ضروری ہے
کچھ ملازمتوں میں ریٹائرمنٹ کے بعد باقاعدہ پنشن دستیاب ہوتی ہے، جبکہ بعض افراد کو پراویڈنٹ فنڈ، گریجویٹی یا ریٹائرمنٹ کے وقت یکمشت رقم ملتی ہے۔ بہت سے لوگوں کے لیے ذاتی بچت اور سرمایہ کاری ہی ریٹائرمنٹ آمدن کا بنیادی ذریعہ ہوتی ہے۔
اس لیے ہر جوڑے کو ریٹائرمنٹ سے پہلے یہ واضح طور پر معلوم ہونا چاہیے کہ ملازمت ختم ہونے کے بعد دونوں کی متوقع آمدن کے ذرائع کیا ہوں گے۔
اگر ایک شریکِ حیات کو باقاعدہ پنشن ملتی ہے جبکہ دوسرے کے پاس صرف جمع شدہ سرمایہ ہے تو دونوں کی مالی ضروریات اور منصوبہ بندی ایک جیسی نہیں ہو سکتی۔ یہ تمام وہ حقائق ہیں جن سے منہ نہیں موڑا جاسکتا۔
سب سے اہم بات یہ کہ ریٹائرمنٹ کے لیے کسی ایک خاندان کے لیے ایک ہی مالی ہدف مقرر نہیں کیا جا سکتا۔ ضروری رقم کا انحصار موجودہ ماہانہ اخراجات، اپنے گھر یا کرائے کی رہائش، بچوں کی مالی ذمہ داریوں، ریٹائرمنٹ کی متوقع عمر، موجودہ سرمایہ کاری، پنشن، صحت کے ممکنہ اخراجات اور مطلوبہ طرز زندگی پر ہوتا ہے۔
جس جوڑے کا اپنا گھر ہو، بچوں کی بڑی مالی ذمہ داریاں مکمل ہو چکی ہوں اور اسے باقاعدہ پنشن بھی مل رہی ہو، اس کی ضرورت اس جوڑے سے مختلف ہوگی جسے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی کرایہ ادا کرنا ہو اور کوئی مستقل پنشن دستیاب نہ ہو۔ لہٰذا ریٹائرمنٹ کی منصوبہ بندی جتنی جلدی کی جائے گی اتنے ہی زیادہ راستے دستیاب ہوسکتے ہیں۔
نوجوان میاں بیوی طویل مدت کے لیے باقاعدہ بچت اور مختلف سرمایہ کاری کے ذریعے ریٹائرمنٹ کا سرمایہ بنا سکتے ہیں۔ وقت ان کے حق میں ہوتا ہے، اس لیے نسبتاً چھوٹی لیکن مسلسل بچت بھی طویل مدت میں نمایاں سرمایہ بن سکتی ہے۔
ریٹائرمنٹ کے قریب پہنچنے والوں کے لیے ترجیحات مختلف ہو سکتی ہیں۔ انہیں سرمایہ کے تحفظ، باقاعدہ آمدن، ہنگامی رقم اور اس بات پر زیادہ توجہ دینی مرکوز رکھنی پڑ سکتی ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد سرمایہ کتنے عرصے تک چل سکتا ہے۔
اصل سوال یہ ہے کہ دولت کتنے عرصے تک آمدن دے گی
ریٹائرمنٹ کی مضبوط منصوبہ بندی صرف یہ دیکھنے کا نام نہیں کہ ’’ہم نے کتنی رقم جمع کر لی ہے؟‘‘ بلکہ اس کے ساتھ یہ بھی دیکھنا ضروری ہے کہ ’ہماری جمع شدہ رقم ہر ماہ کتنی آمدن فراہم کر سکتی ہے؟ اور یہ کہ مہنگائی بڑھنے کی صورت میں یہ آمدن کافی رہے گی۔ اگر دونوں میں سے ایک شریکِ حیات پہلے انتقال کر جائے تو کیا دوسرا مالی طور پر دباؤ کا شکار نہیں ہوگا۔
بڑے طبی یا ہنگامی اخراجات کے لیے الگ رقم موجود ہے؟ اور اگر ریٹائرمنٹ توقع سے زیادہ طویل ہو جائے تو کیا ہماری آمدن برقرار رہ سکے گی؟
دو تنخواہیں ملازمت کے دوران ایک خاندان کو مضبوط مالی بنیاد فراہم کر سکتی ہیں، لیکن ریٹائرمنٹ کی اصل مالی سکیورٹی اس وقت سامنے آتی ہے جب تنخواہیں بند ہو جائیں۔
اس لیے ریٹائرمنٹ کی کامیاب منصوبہ بندی کا مقصد صرف ایک بڑی رقم جمع کرنا نہیں، بلکہ ایسی مالی ساخت ایسے مالی حکمتِ عملی یا منصوبہ تیار کرنا ہے جو ملازمت ختم ہونے کے بعد بھی میاں بیوی کے بنیادی اخراجات، صحت، مہنگائی اور غیر متوقع حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے طویل عرصے تک قابلِ اعتماد آمدن فراہم کرتی رہے۔
























