کھانا پکاتے وقت نمک کب ڈالنا چاہیے؟
کھانا بنانا صرف ایک روزمرہ کا کام نہیں بلکہ ایک بہترین فن ہے، جس میں استعمال ہونے والے چھوٹے چھوٹے اجزاء اور ان کے استعمال کا صحیح وقت کھانے کی پوری کایا پلٹ سکتا ہے۔ باورچی خانے میں نمک کو ایک بنیادی جزو کی حیثیت حاصل ہے، لیکن یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ نمک کا درست وقت پر استعمال نہ صرف کھانے کے ذائقے کو نکھارتا ہے بلکہ اس کی ساخت پر بھی گہرے اثرات مرتب کرتا ہے۔ کھانا پکانے کے ماہرین کے مطابق، ہر ڈش کی نوعیت مختلف ہوتی ہے اور اسی مناسبت سے نمک ڈالنے کا طریقہ کار بھی تبدیل ہونا چاہیے۔
ان کی رائے میں خشک سبزیوں، جیسے کہ آلو بھجیا یا ایسی تمام سبزیاں جنہیں ہلکا خستہ اور کرکرا رکھنا مقصود ہو، ان میں نمک ہمیشہ پکانے کے آخری مراحل میں شامل کرنا چاہیے۔
اگر ان سبزیوں میں ابتدائی مرحلے میں ہی نمک ڈال دیا جائے تو وہ اپنا قدرتی پانی خارج کرنے لگتی ہیں، جس کی وجہ سے ان کا مطلوبہ کرارا پن ختم ہو جاتا ہے۔
اسی طرح خشک اسنیکس، نمکین اور فرائی کی جانے والی اشیاء میں بھی چولہا بند کرنے سے بالکل پہلے نمک چھڑکنا سب سے بہترین ہے تاکہ ان کی خستہ حالت برقرار رہے اور وہ ضرورت سے زیادہ نرم نہ ہوں۔
اس کے برعکس، جب بات شوربے والے سالن یا گریوی کی ڈشز کی ہو تو نمک کو مختلف حصوں میں تقسیم کرنے کا طریقہ سب سے زیادہ مؤثر ثابت ہوتا ہے۔
سالن بناتے وقت جب پیاز کو فرائی کیا جا رہا ہو، اسی دوران آدھا نمک شامل کر دینا چاہیے کیونکہ اس سے پیاز جلدی گلتی ہے اور مصالحے کے اندر ذائقہ گہرائی تک سرایت کر جاتا ہے۔
باقی ماندہ نمک اس وقت ڈالا جاتا ہے جب سالن میں پانی اور دیگر اشیاء شامل کر کے اسے ہلکی آنچ پرپکنے کے لیے چھوڑ دیا جاتا ہے۔ اس تقسیم شدہ طریقے سے تیار ہونے والے سالن کا ذائقہ یکساں اور انتہائی لذیذ ہوتا ہے۔
نمک کے سائنسی اور کیمیائی اثرات پر غور کیا جائے تو یہ بات بھی سامنے آتی ہے کہ نمک صرف ذائقہ دینے کا کام نہیں کرتا بلکہ یہ کھانوں کے گلنے اور پکنے کے دورانیے کو بھی متاثر کرتا ہے۔ گوشت یا دالیں بناتے وقت نمک کا درست توازن اور وقت کا انتخاب ان کے گلنے کے عمل کو بہتر بناتا ہے۔
اس لیے اگلی بار جب آپ کچن میں کھانا تیار کریں، تو صرف یہ نہ سوچیں کہ کتنی مقدار میں نمک ڈالنا ہے، بلکہ اس بات پر بھی دھیان دیں کہ ڈش کی نوعیت کے لحاظ سے نمک شامل کرنے کا صحیح لمحہ کون سا ہے۔
اس چھوٹی سی تکنیکی تبدیلی سے آپ اپنے روزمرہ کے کھانوں کے ذائقہ اور معیار کو لاجواب کر سکتے ہیں۔
























