پاکستانی ڈیجیٹل کریئیٹر رجب بٹ ایک متنازع ویڈیو کلپ سامنے آنے کے بعد شدید تنقید کی زد میں آگئے، جس کے بعد انہوں نے اپنے الفاظ پر معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ایسا مذاق نہیں کرنا چاہیے تھا۔
کچھ روز قبل زید علی ٹی کے ساتھ ایک ٹک ٹاک لائیو سیشن کے دوران رجب بٹ نے زید علی کے چہرے کے تاثرات پر ایسا مذاق کیا جس پر سوشل میڈیا صارفین اور دیگر ڈیجیٹل کریئیٹرز کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔
ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیلا اور اس بیان کو بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی جیسے حساس معاملے کا مذاق بنانے کے طور پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
تنقید بڑھنے کے بعد رجب بٹ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کر لی ہے۔
اپنے اس بیان میں رجب بٹ کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند دنوں سے میری ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں میں نے ایک انتہائی نامناسب بات کی اور نیت یا حالات جو بھی ہوں، یہ تبصرہ بالکل غلط تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لڑکوں کی محفلوں میں اس طرح کے مذاق عام ہو چکے ہیں لیکن اس سے یہ چیزیں درست نہیں ہو جاتیں۔ ہمارے ملک میں اس مسئلے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے مجھے مزید حساس ہونا چاہیے تھا۔
رجب بٹ نے حساس معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ ملک میں یہ مسئلہ کتنا سنگین اور تکلیف دہ ہے، اس لیے انہیں اپنے الفاظ کے معاملے میں زیادہ محتاط ہونا چاہیے تھا۔ ان کے مطابق، ’یہ ایسی چیز ہے جس کا مذاق بنانا ہی نہیں چاہیے تھا۔‘


رجب بٹ نے عوام سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میں دل کی گہرائیوں سے ان تمام لوگوں سے معافی مانگتا ہوں جن کے جذبات میرے الفاظ سے مجروح ہوئے، جن کے پرانے زخم دوبارہ تازہ ہوئے یا جو میری بات سے بے آرام ہوئے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ اگرچہ یہ پرانی ویڈیو ہے لیکن یہ بات اس عمل کا عذر نہیں بن سکتی اور وہ اس سے سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ مستقبل میں مزید ذمہ دار بن سکیں۔
رجب بٹ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر اسی معذرت کا اردو متن بھی شیئر کیا۔

ان کی جانب سے معافی سامنے آنے کے بعد متنازع ویڈیو اور ان کے بیان پر سوشل میڈیا پر جاری بحث ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
























